- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

معاشی مسائل کے حل کیلیے فوری اور جامع تدبیر کی ضرورت ہے

زاہدان (سنی آن لائن) نامور سنی عالم دین مولانا عبدالحمید نے اپنے سات ستمبر دوہزار اٹھارہ کے خطبہ جمعہ میں ایران کے معاشی مسائل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فوری اور جامع اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔
شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید کی آفیشل ویب سائٹ نے ایرانی کرنسی کی شدید گراوٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: عوامی پریشانی کا ایک سبب ڈالر اور دیگر عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں ایرانی ریال کی قدر میں شدید کمی بھی ہے۔ عالمی سامراجی طاقتوں کی ظالمانہ پابندیوں کی وجہ سے ہماری کرنسی نچلی ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور ملک میں افراطِ زر جیسے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔
انہوں نے ایران کے معاشی و اقتصادی مشکلات کے پیچھے کارفرما دیگر اسباب کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا: ایک طرف کرپشن، قومی خزانے کی لوٹ ماراور مالی خورد برد میں متعدد بااثر افراد ملوث ہوئے اور دوسری جانب معیشت کے مسائل کے حل کے لیے غلط طریقے اپنانے اور اندرونی و بیرونی پالیسیوں کی وجہ سے موجودہ معاشی مسائل نے سر اٹھایا۔
خطیب اہل سنت زاہدان نے مزید کہا: ملک کے موجودہ معاشی مسائل نے غریب اور بے روزگار طبقوں کے علاوہ امیر و مالدار سمیت معاشرے کے تمام طبقوں کومتاثر کیا ہے اور سب معاشی دباو سے دوچار ہیں۔ بہت سارے تاجروں پر کروڑوں کے قرضے ہیں جو ڈالر کی صورت میں ادا ہوتے ہیں، موجودہ حالات میں ان کے لیے قرضوں کی ادائیگی ناممکن ہوگئی ہے۔
مولانا عبدالحمید نے اس حوالے سے دعا کے ساتھ ساتھ مناسب تدبیر اختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا: تمام اعلی حکام بشمول مرشد اعلی، صدر مملکت اور دیگر ذمہ داران کو چاہیے فوری اور جامع پلان تیار کریں، اس سے پہلے کہ کوئی بڑی مصیبت رونما ہوجائے۔ اسی صورت میں ایرانی کرنسی دوبارہ اپنی قدر حاصل کرسکتی ہے۔
صدر دارالعلوم زاہدان نے اپنے خطاب میں صوبائی گورنر کی موجودی میں صوبہ سیستان بلوچستان کے عوام کے معاشی مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا عوام کی معیشت اور کمائی کے لیے کوشش کریں جو سخت بحرانی کیفیت میں ہیں۔