- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

ایران: ’مولانا عبدالحمید کو شہید کرنے کی سازش ناکام ‘

زاہدان (سنی آن لائن) اہل سنت ایران کی ممتاز دینی شخصیت مولانا عبدالحمید کے دفتر نے سوشل میڈیا میں گردش کرنے والی رپورٹس کی تصدیق کی ہے جن کے مطابق انہیں ایک زہریلی کھال سے شہید کرنے کی سازش کی گئی تھی جو ناکام ہوچکی ہے۔
ایران کی سنی برادری کی آفیشل ویب سائٹ ’سنی آن لائن‘ نے مولانا عبدالحمید کے ایک قریبی عزیز اور دفتر کے ملازم سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے میڈیا میں گردش کرنے والی خبروں کی صحت معلوم کی۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ مہینے میں کسی نے مولانا عبدالحمید کو ہرن کی ایک کھال بطور تحفہ پیش کیا جو مبینہ طورپر زہریلی تھی۔
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر سنی آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا: صدر دارالعلوم زاہدان مذکورہ کھال کو اپنی کرسی پر رکھنے سے پہلے دھونے اور صفائی کے لیے اسے اپنے کسی عزیز کے حوالے کیا تھا۔ لیکن جوں ہی اس پر ہاتھ رکھا گیا، اس شخص کے جسم پر پھوڑے اور دانے نکل آئے۔ متاثرہ شخص کو فورا زاہدان کے کسی اسپتال میں داخل کیا گیا، لیکن پوری صحت بحال نہ ہوئی۔ پھر انہیں مشہد لے جایا گیا جہاں ان کا علاج مکمل ہوا اور الحمدللہ اب وہ ٹھیک ہوچکے ہیں۔
مذکورہ ذریعہ نے کہا: مبینہ زہریلی کھال پر کوئی ٹیسٹ نہیں ہوا ہے۔ اس لیے یقین کے ساتھ ہم نہیں کہہ سکتے کہ واقعی اس میں زہر یا سنانایڈ تھا۔
انہوں نے مزید کہا: ہمارے پاس کسی کو مورد الزام ٹھہرانے کے لیے کافی شواہد نہیں ہیں۔ اس لیے ہم لوگوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا بھی کرتے ہیں کہ انہوں نے ہمدردی کا اظہار بھی کیا ، نیز ان سے گزارش ہے کہ پرامن رہیں تاکہ کسی دشمن کو ایسے واقعات سے غلط فائدہ اٹھانے کا موقع نہ ملے۔
یادرہے اس سے پہلے میڈیا میں ایسی خبریں شائع ہوئی تھیں جن کے مطابق مولانا عبدالحمید سمیت بعض دیگر سنی علمائے کرام کو قتل کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں۔ سکیورٹی حکام نے دھمکیوں کی تصدیق کرتے ہوئے سنی علمائے کرام کو ضروری اقدامات اٹھانے کی تاکید کی ہے۔
شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید ایران میں واقع سب سے بڑی سنی مسجد کے امام و خطیب اور اس کے ساتھ واقع جامعہ دارالعلوم زاہدان کے صدر و شیخ الحدیث ہیں۔ سنی برادری میں انہیں سماجی و دینی قائد سمجھا جاتاہے۔