- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج نے مزید 2 نوجوانوں کو شہید کر دیا

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے مزید دو نوجوانوں کو مجاہد قرار دے کر شہید کر دیا ہے اور ایک گھر کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا ہے۔
بھارتی فورسز نے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن اور محاصرے کر کے گھر گھر تلاشی لی ہے اس دوران لوگوں کو گھروں سے نکال کر سردی میں کھڑا کیا اور اور خواتین اور بچوں سمیت اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ کی گئی جبکہ کپواڑہ میں ٹیکسی ڈرائیور کے شہادت کے خلاف تیسرے روز بھی ہڑتال اور احتجاج کا سلسلہ جاری رہا اس دوران بھارتی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع شوپیاں میں بھارتی فوج نے مزید دو جوانوں کو مجاہد قرار دے کر شہید کر دیا ہے اور ایک مکان کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا ہے ۔ مقامی میڈیا کے مطابق شوپیان سے 12کلو میٹر دور پلوامہ کیلر روڑ پر واقع بٹہ مڈن وانپورہ شوپیان کا 44آر آر، پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ اور 14بٹالین سی آر پی ایف نے محاصرہ کیا اور گائوں کی سخت ترین ناکہ بندی کی۔حکام کے مطابق انہیں مذکورہ گائوں میں ایک مقامی سمیت دو یا3 جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔
جونہی گائوں کا شام کے وقت محاصرہ کیا گیا تو فوری طور پر لوگ گھروں سے باہر آئے اور انہوں نے فورسز پر شدید پتھرائو شروع کیا۔ نوجوانوں نے گائوں کی مساجد کے لائوڈ سپیکروں کے ذریعے لوگوں کو احتجاج کرنے کے لئے کہا، جس کے بعد گائوں کے کئی مقامات پر جھڑپیں شروع ہوئیں ۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے فورسز نے بے تحاشا شیلنگ کی اور تلاشی کارروائی بھی جاری رکھی۔ بھارتی فورسز نے مکان کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جس کے ملبے سے دو مبینہ مجاہدین کی نعشیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ محمد ایوب بٹ کا دو منزلہ مکان فورسز نے تباہ کر دیا۔
بھارتی فورسز نے شہداء کی شناخت ظاہر نہیں کی تاہم مقامی لوگوں کے مطابق مارے جانے والوں میں ایک ممکنہ طور پر تنویر احمد عرف نعمان بھی شامل ہے۔ قبل ازیں شوپیاں کے نصف درجن سے زیادہ علاقوں و دیہات بشمول چھتری پورہ، وہل، نوگام، پانڈو چھن، کاپرن، رے کاپرن، دنگام، ونگام کو اچانک محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی عمل میں لائی ۔ معلوم ہوا کہ فوج، فورسز، پولیس اور ٹاسک فورس اہلکاروں نے ان سبھی دیہات کو چاروں اطراف سے محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی ، جس دوران ٹھٹھرتی سردی میں لوگوں کو گھروں سے باہر لاکر ان سے پوچھ تاچھ کی گئی ۔ بھارتی فورسز نے خواتین اور بچوں سمیت اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ کی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے تحریک حریت کے رہنماء شاہ ولی محمد اورکارکنوں عمر عادل ڈار، مولانا مدثر ندوی، عبدالاحد اور دیگر محبوسین کی مسلسل غیرقانونی نظر بندیوں اورگرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس بلاجواز طو ر پر ان کی رہائی میں رکاٹیں ڈال رہی ہے۔ ترجمان نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کو کشمیری نظربندوں کی حالت زار کا سخت نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ نظربندوں کی فوری رہائی کے لئے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔ دریں اثناء برفانی تودے کی زد میں آنے والے 3 بھارتی فوجیوں کی نعشیں برآمد کرلیں گئیں۔
بھارت کے دفاعی ذرائع نے تصدیق کی لائن آف کنٹرول پر گریس اور نوگام سینکٹروں میں گزشتہ ہفتے برفانی تودے کی زد میں آنے سے لاپتہ ہونے والے5 بھارتی فوجیوں میں سے 3 کی نعشیں مل گئی ہیں۔