- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

شام: دیر الزور میں روس کے فضائی حملوں میں 50 شہر ی ہلاک

شام کے مشرقی صوبے دیر الزور میں بے گھر ہونے والے افراد کے لیے قائم دو کیمپوں اور نواحی دیہات پر توپ خانے سے گولہ باری روسی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں کم سے کم پچاس شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے اتوار کے روز اطلاع دی ہے کہ دیر الزور میں واقع ان کیمپوں پر جمعہ کی رات سے جاری بمباری میں دسیوں افراد مارے گئے ہیں اور ان میں بیس بچے بھی شامل ہیں۔
رصد گاہ کی اطلاع کے مطابق دریائے فرات کے کنارے کیمپوں کے علاوہ ان کے نزدیک واقع دیہات پر بھی فضائی حملے کیے گئے ہیں۔ان کیمپوں میں شام کے سرحدی قصبے البو کمال میں اسدی فوج اور داعش کے درمیان لڑائی کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے افراد عارضی طور پر مقیم ہیں۔
روس کی حما یت یافتہ شامی فوج اور اس کی اتحادی ملیشیا نے جمعرات کو داعش سے شدید لڑائی کے بعد البوکمال پر قبضہ کر لیا تھا لیکن ہفتے کے روز داعش کے جنگجوؤں نے دوبارہ اس قصبے پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا اور وہاں سے شامی فوج پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو گئی تھی۔ آج پھر وہاں سے داعش اور شامی فوج کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
رصدگاہ کے سربراہ رامی عبدالرحمان کے مطابق روسی طیاروں نے دریائے فرات پر دو گذرگاہوں پر بمباری کی ہے۔ البوکمال سے پانچ کلومیٹر مشرق میں واقع السوسہ کراسنگ پر حملے میں دو بچوں سمیت پانچ شہری مارے گئے ہیں۔ اس قصبے سے بیس کلومیٹر شمال میں واقع دریا کے ایک اور کراسنگ پر حملے میں چھے شہری ہلاک ہوئے ہیں۔
اس سے پہلے بے گھر افراد کے دو کیمپوں اور نواحی دیہات پر توپ خانے سے گولہ باری اور فضائی حملوں میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر انتالیس ہوگئی ہے۔رصدگاہ نے ہفتے کو وہاں فضائی بمباری میں چھبیس افراد کی ہلاکت کی اطلا ع دی تھی۔