- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

بھارتی علماء کا مدارس میں قومی ترانہ بجانے سے انکار

بھارتی ریاست جھاڑ کھنڈ کےعلماء نے مدارس میں بھارتی قومی ترانہ بجائے سے انکار کردیا ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے مدارس کو روزانہ قومی ترانہ پڑھنے کا پابند بنانے کی تجویز دی گئی ہے جسےعملی طور پر نافذ کرنے کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیر تعلیم جلد ہی ایک نوٹیفکیشن جاری کرنے والے ہیں جس کے تحت ریاست میں قائم تمام مدارس اور اسکولوں میں روازنہ قومی ترانہ پڑھنا لازمی قرار دیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق وزارت تعلیم نیرا یادیو کا کہنا ہے کہ وہ پورے ریاست کے مدارس اور اسکولوں کو 15 نومبر سے روزانہ قومی ترانہ پڑھنے کے احکامات جاری کریں گے اور اس سلسلے میں نوٹی فکیشن جاری کرکے متعلقہ اداروں کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
حکومتی اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے علماء نے روزانہ مدارس میں بھارتی قومی ترانہ پڑھانے سے صاف انکار کردیا۔علماء کا کہنا ہے کہ موسیقی والا ترانہ مدارس میں بجانا اسلام کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے جب کہ وہ اہم قومی دنوں یعنی 15 اگست اور 26 جنوری کو مدارس میں قومی ترانہ بجاکر قومی جذبات کا اظہار کرتے ہیں ۔
جھاڑ کھنڈ کے شہر رانچی میں جامعہ فیضان القرآن مدرسے کے استاد مولانا اصغر مصباحی کا کہنا ہے کہ طالبعلم مدارس کا اپنے مخصوص ترانہ پڑھتے ہیں، اس کے باوجود بھارتی قومی ترانہ بجانا غیر ضروری ہے۔
واضح رہے کہ ریاست اترپردیش میں بھی بی جے پی کی حکومت مدارس میں روزانہ بھارتی قومی ترانہ پڑھنا لازمی قرار دے چکی ہے جس کی مقامی علماء مخالفت کرچکے ہیں۔