- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

روہنگیا مسلمانوں کی کوریج پرمیانمارمیں ترک چینل کے صحافیوں کو سزا

میانمار میں ترک سرکاری ٹی وی چینل کی 4 رکنی ٹیم کو ڈرون کیمرہ استعمال کرنے پر 2 ماہ قید کی سزا سنادی گئی۔
ترک میڈیا کے مطابق ترکی کے سرکاری نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی ورلڈ کی چار رکنی ٹیم کو گزشتہ ماہ میانمار کے دارالحکومت میں ایک دستاویزی فلم کی عکس بندی کے دوران پارلیمان کی عمارت سے ڈرون کیمرہ اڑانے کےالزام میں گرفتار کر کے مقدمہ چلایا گیا جس کا فیصلہ آج سنادیا گیا۔
عدالت نے ایئرکرافٹ قانون کی خلاف ورزی کے جرم میں ترکی کے 2 صحافیوں، کیمرہ مین اور مترجم کو 2 ماہ کے لیے جیل بھیجنے کے احکامات جاری کردیے۔ سزا پانے والی مذکورہ میڈیا ٹیم میں سے کوئی بھی ترک شہری نہیں تاہم یہ لوگ ملائشیا اور سنگاپور سے ترک چینل کے لیے کام کررہے تھے۔
واضح رہے ترک صدر رجب طیب اردگان نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پرآنگ سان سوچی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بدھ پرستوں کی جانب سے مسلم کش کارروائی فوری روکنے کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد سے دونوں ممالک میں سفارتی کشیدگی شدت اختیار کرگئی تھی۔