- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

مسلم ممالک میانمار سے اپنے سفارتی تعلقات بند کردیں

زاہدان میں جمعہ نو ستمبر کو ہزاروں فرزندانِ توحید سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالحمید نے روہینگیا مسلمانوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی اور تمام مسلم ممالک سے مطالبہ کیا اپنے ملکوں سے میانمار کے سفارتی عملے کو باہر نکالیں۔

’سنی آن لائن‘ کی رپورٹ کے مطابق، خطیب اہل سنت زاہدان نے اپنے بیان کے ایک حصے میں میانمار حکومت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا: میانمار کی بدھ حکومت مسلمانوں کے حق میں بہت بڑے ظلم کا ارتکاب کرتی چلی آرہی ہے۔ میانمار فوج مسلمانوں کے قتل عام پر تلی ہوئی ہے اور نہتے شہریوں کو گولیوں کا نشانہ بنارہی ہے۔

انہوں نے کہا: میانمار حکومت اور فوج مسلمانوں کے حق میں جنگی جرائم کا ارتکاب کرتی ہیں جو انسانیت کے خلاف جرم اور نسل کشی ہے۔ تین ہزار لوگوں کو تین دنوں میں قتل کرنا انتہائی بھیانک جرم ہے۔

مولانا عبدالحمید نے مزید کہا: یہ بہت بڑا جرم ہے کہ کوئی ریاست صرف عقیدہ و مذہب کی وجہ سے اپنے لوگوں کا قتل عام کرے۔ تمام مسلمانوںکو چاہیے میانمار حکومت کا بائیکاٹ کریں اور اس حکومت کے خلاف صف واحد میں اٹھ کھڑے ہوں۔

مسلم حکام کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا: مسلم ممالک کو چاہیے اس قتل عام پر احتجاجا میانمار سے اپنے سفارتی تعلقات بند کرکے میانمار کے سفیروں اور سفارتی عملے کو اپنے ملکوں سے نکال دیں۔ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیم اس حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر عملی اقدام اٹھائیں۔

اہل سنت ایران کے رہ نما نے کہا: ہر وہ شخص جو ظلم و بدامنی اور ایسے جرائم کے مخالف ہے، میانمار حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوجائے۔ اس ملک کے مجرم حکام کو ایسا سبق سکھانا چاہیے کہ پوری دنیا کے ظالموں اور مجرموں کے لیے عبرت کا نمونہ بن جائیں۔

زاہدان میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد ہزاروں سنی شہریوں نے احتجاجی ریلی نکالتے ہوئے میانمار حکومت اور فوج کے خلاف مظاہرے کیے اور روہینگیا کی حمایت پر زور دیا۔ مظاہرین نے میانمار حکام کی مذمت کرتے ہوئے ان کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔