- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

شام کے شہر حلب میں خودکش حملہ، 100 افراد ہلاک

شام کے شہر حلب میں خودکش بمبار نے شہر چھوڑ کر جانے والے قافلے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 100 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شام میں جنگجوؤں کے زیرقبضہ صوبہ حلب کے نواحی علاقے راشدین میں کار میں سوار خودکش بمبار نے شہر چھوڑ کر جانے والے قافلے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 39 افراد موقع پر ہی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے فوری بعد افراتفری مچ گئی اور دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس سے کئی بسیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔
دھماکے کے بعد زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج مزید کئی افراد ہلاک ہوگئے۔ وائٹ ہیلمٹ کے نام سے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم کے مطابق ہمارے رضا کاروں نے اب تک جائے وقوعہ سے 100 افراد کی لاشیں اٹھائی ہیں۔
حکام کے مطابق جنگ زدہ علاقوں میں پھنسے شہریوں کے انخلا کے لئے ایران اور قطر نے معاہدہ کیا تھا جس کے بعد پہلے مرحلے میں فوا اور کفرایا کے علاقوں سے 5 ہزار اور جنگجوؤں کے زیر قبضہ علاقے مادایا اور زبادانی سے 2200 افراد کا انخلا کرنا تھا۔ جنگ سے متاثرہ علاقوں سے انخلا کے لئے ہزاروں افراد باغیوں کے زیرقبضہ علاقے راشدین میں جمع تھے کہ دھماکا ہوگیا۔