- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

شام میں اسکول پر فضائی بمباری سے 33 پناہ گزین ہلاک

شام کے شہر الرقہ کے گاؤں میں واقع اسکول پر فضائی بمباری سے 33 پناہ گزین ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ درجنوں کے لاپتا ہونے کی اطلاعات ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شدت پسند تنظیم کالعدم داعش کے زیراثر شہر الرقہ کے مغربی گاؤں المنصورہ میں واقع ایک اسکول پر ہونے والی فضائی بمباری سے 33 افراد ہلاک ہوگئے۔
شام میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیم سیریئن آبزرویٹری نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ الرقہ سے 26 کلومیٹردور المنصورہ گاؤں میں واقع اسکول میں بے گھر افراد نے پناہ لے رکھی تھی جہاں گزشتہ رات فضائی بمباری سے 33 پناہ گزین ہلاک ہوگئے جب کہ اسکول کے ملبے تلے سے 2 افراد کو زندہ نکال لیا گیا تاہم 50 خاندانوں کے لاپتا ہونے کی اطلاعات ہیں۔
تنظیم کے مطابق اسکول میں حمص اور حلب شہر کے بے گھر پناہ گزین مقیم تھے اور حملے کے بعد اسکول مکمل طورپر تباہ ہوگیا۔ امریکی اتحادی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ الرقہ کے قریب 19 حملے کیے گئے جن میں کالعدم داعش کے ہیڈ کوارٹر کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔