- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

ایران؛ ‘سنی شہریوں کی پھانسیاں رکوائیں’

زاہدان (سنی آن لائن+خبررساں ادارے) ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سنی عالم دین شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے سنی شہریوں کو اندھا دھند پھانسیاں دینے کا سلسلہ بند کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اہل سنت ایران کی آفیشل ویب سائٹ (www.sunnionline.us) کی رپورٹ کے مطابق خطیب اہل سنت زاہدان نے آیت اللہ علی خامنہ ای کے نام لکھے گئے اپنے مکتوب میں جیلوں میں ڈالےگئے سنی شہریوں کو پھانسیاں دینے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے کہ جیلوں میں ڈالے گئے سنی شہریوں کو دی گئی موت کی سزاؤں پر عمل درآمد میں تیزی لائی گئی ہے، جس کے نتیجے میں سنی برادری میں سخت پریشانی پائی جا رہی ہے۔
اپنے خط میں مولانا عبدالحمید کا کہنا ہے کہ حال ہی میں ایرانی جوڈیشل سسٹم کے سربراہ نے منشیات کے دھندے کے الزام میں سزائے موت کا سامنا کرنےوالے قیدیوں کی سزاؤں پر تیزی سے عمل درآمد پر زور دیا تھا۔
بعض مقامی ویب سائٹس کے مطابق حالیہ کچھ عرصے کے دوران ایران کے بعض شہروں میں قائم جیلوں میں سنی شہریوں کی پھانسیوں میں عجلت جوڈیشری کے چیئرمین کے خفیہ ہدایت نامے پر عمل درآمد کا واضح ثبوت ہے۔ اگر مذکورہ رپورٹ درست ہو، اس کا مقصد یہی ہوگا کہ پارلیمان کی قرارداد نافذ ہونے سے پہلے پہلے سنی شہریوں کی پھانسی کی سزاﺅں پر عملدرآمد کیا جائے۔
ممتاز سنی عالم دین نے سپریم لیڈر سے اپیل کی ہے کہ وہ سنی مسلمانوں کو پھانسیاں دینے سے روکنے کے لیے مداخلت کریں۔
یاد رہے کچھ عرصے قبل پارلیمان میں ایک ایسی قرارداد پر بحث کی گئی جس کے پاس ہونے کے بعد منشیات کے الزام میں گرفتار کسی غیرمسلح شخص کو پھانسی نہیں دی جائے گی اور جو اب تک پھانسی کی سزا پاچکے ہیں، انہیں پھانسی کے بجائے ’عمر قید‘ کی سزا دی جائے۔