- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

لاہور: مال روڈ پر دھماکہ، دو پولیس افسران سمیت 15 افراد ہلاک

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مال روڈ پر چیئرنگ کراس کے مقام پر ہونے والے دھماکے میں لاہور پولیس کے دو افسران سمیت پندرہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
جبکہ دیگر پولیس اہلکاروں اور ٹریفک وارڈنز سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے مال روڈ پر ادویہ ساز کمپنیوں اور میڈیکل اسٹورز کے مالکان کا احتجاج جاری تھا کہ اس دوران زور دار دھماکا ہوا جس کے بعد جائے وقوعہ پر بھگدڑ مچ گئی جب کہ دھماکے کی جگہ آگ لگ گئی اور دھواں اٹھنے لگا۔ زور دار دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں اور ٹریفک وارڈنز سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے جن میں بعض شدید زخمی ہوئے ہیں، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جب کہ قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد جائے وقوعہ کے قریب موجود لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنا شروع کر دیا جب کہ ریسکیو اہلکاروں نے بھی جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں اور زخمیوں کو گنگا رام اور میو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ دھماکے کے بعد لاہور بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو طلب کر لیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق دھماکے کے وقت سی سی پی او لاہور امین وینس اور ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) احمد مبین سمیت دیگر اعلیٰ پولیس حکام جائے وقوعہ کے قریب پولیس نفری کے ہمراہ موجود تھے اور اس دوران دھماکا ہو گیا، ڈی آئی جی ٹریفک احمد مبین اور ایس ایس پی زاہد گوندل دھماکے کی زد میں آ کر شدید زخمی ہوئے جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ سی سی پی او لاہور نے ڈی آئی جی ٹریفک لاہور اور ایس ایس پی زاہد گوندل کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ دھماکے کے فوری بعد پولیس اہلکاروں نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا ہے، عوام کو دھماکے کی جگہ سے دور کردیا گیا جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی جائے وقوعہ پر طلب کر لیا گیا ہے۔ پاک فوج کے دستے بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں اور جائے وقوعہ کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا ہے۔ جائے وقوعہ پر موجود عینی شاہد ٹریفک وارڈن نے بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار شخص نے خود کو گاڑی سے ٹکرایا جس سے زور دار دھماکا ہوا اور موٹرسائیکل میں آگ بھڑک اٹھی۔تاہم اس کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی ۔

اردو ٹائمز