Categories: عالم اسلام

مکہ کرین حادثہ: بن لادن گروپ معطل، سفری پابندی عاید

سعودی عرب کے شاہی دیوان نے بن لادن گروپ کو مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں کرین گرنے کے افسوس ناک حادثے کے بعد ملک میں تعمیراتی منصوبوں کے مزید ٹھیکے نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
شاہی دیوان نے سعودی بن لادن گروپ کے ارکان پر سفری پابندی بھی عاید کردی ہے اور ان پر یہ پابندی واقعے کی تحقیقات مکمل ہونے تک برقرار رہے گی۔شاہی دیوان کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ یہ حادثہ کسی مجرمانہ ارادے یا نیّت کا نتیجہ نہیں تھا۔ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق شدید آندھی اور کرین کی تنصیب سے متعلق حفاظتی معیارات کی خلاف ورزی کی بنا پر یہ الم ناک واقعہ پیش آیا تھا۔
شاہی دیوان نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے ہر فرد کے خاندان کو دس لاکھ سعودی ریال (قریباً 2 لاکھ 70 ہزار ڈالرز) معاوضے کے طور پر ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور حادثے میں زخمی ہوکر زندگی بھر کے لیے معذور ہوجانے والے ہر فرد کے لیے پانچ لاکھ ریال ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
شاہی دیوان نے وزارت خزانہ کو حکم دیا ہے کہ بن لادن گروپ کے تمام منصوبوں کا جائزہ لے اور تحقیقات کی تکمیل تک بن لادن خاندان کے تمام افراد پر سفری پابندی عاید کردے۔
واضح رہے کہ گذشتہ جمعہ کو شدید آندھی کی وجہ سے تعمیراتی کام کے لیے استعمال ہونے والی ایک بڑی کرین مسجد الحرام میں اچانک گر گئی تھی۔اس ناگہانی حادثے میں ایک سو سات افراد جاں بحق اور دو سو چالیس زخمی ہوگئے تھے۔
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اس افسوس ناک حادثے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی ہے اور کہا ہے کہ وہ اس حادثے کی تہ تک پہنچیں گے۔انھوں نے کہا کہ ہم اس واقعے کی وجوہ کا پتا چلانے کے لیے تحقیقات کریں گے اور اس کے نتائج عوام الناس کے سامنے لائیں گے۔انھوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔
دوسری جانب کثیرالقومی سعودی بن لادن گروپ نے اس الزام کی تردید کی ہے کہ کرین کو مناسب طریقے سے نصب کیا گیا تھا اور اس کو حفاظتی تدابیر کا خیال رکھے بغیر چلایا جا رہا تھا۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے ایک انجنئیر کے حوالے سے لکھا ہے کہ ”کرین کو انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں تعمیراتی کام کے دوران چلایا جارہا تھا اور جو کچھ رونما ہوا ہے،یہ اللہ کی مرضی تھی”۔
سعودی بن لادن گروپ مکہ مکرمہ میں 27 ارب ڈالرز کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل کو پہنچا رہا ہے۔سعودی حکومت نے شہر میں نئے مکانات ،ایک رنگ روڈ ،پارکنگ کی جگہوں اور نئے میٹرو نظام کی تعمیر کے لیے یہ خطیر رقم مختص کی ہے۔
سعودی بن لادن گروپ بن لادن خاندان کا ملکیتی ہے۔اس گروپ کو 11ستمبر 2001ء کو امریکا پر طیارہ حملوں کے بعد عالمگیر شہرت ملی تھی کیونکہ اسی خاندان کے ایک اہم چشم وچراغ اسامہ بن لادن پر ان حملوں کا ماسٹر مائنڈ ہونے کا الزام عاید کیا گیا تھا۔تاہم بن لادن خاندان کے ارکان اس واقعے سے قبل بھی خود کو اسامہ بن لادن سے الگ تھلگ کرنے کی کوشش کرتے رہے تھے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ

baloch

Recent Posts

صوبے کے انتظامی امور میں مقامی اور اہلِ سنت افراد کو مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے

صوبے کے انتظامی امور میں مقامی اور اہلِ سنت افراد کو مؤثر کردار ادا کرنا…

12 hours ago

حکام براہِ راست مذاکرات اور معاہدے کی منظوری کے ذریعے جنگ کو پھیلنے سے روکیں

حکام براہِ راست مذاکرات اور معاہدے کی منظوری کے ذریعے جنگ کو پھیلنے سے روکیں

1 day ago

غزہ میں خان یونس کے طبی کمپلیکس پر اسرائیلی حملہ … 18 عرب اور اسلامی ممالک کی مذمت

غزہ میں خان یونس کے طبی کمپلیکس پر اسرائیلی حملہ … 18 عرب اور اسلامی…

1 day ago

کیا مصنوعی ذہانت سے اسلامی جواب اور فتویٰ لیا جا سکتا ہے؟

گذشتہ چند ماہ کے دوران سوشل میڈیا پر مذہبی سوالات کے جواب دینے میں مصنوعی…

5 days ago

اسرائیلی افواج نے مغربی کنارے میں 14 سالہ نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا: فلسطینی حکام

اسرائیلی افواج نے مغربی کنارے میں 14 سالہ نوجوان کو گولی مار کر شہید کر…

5 days ago

حجاج کرام کی خدمت کے لیے چھ سعودی ایئرپورٹس مختص

حجاج کرام کی خدمت کے لیے چھ سعودی ایئرپورٹس مختص

5 days ago