- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

خادم الحرمین الشریفین کے ہاتھوں کعبۃ اللہ کو غسل

سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے رمضان المبارک کے آغاز سے قبل سالانہ روایت کے تحت اتوار کی صبح مکہ مکرمہ میں کعبۃ اللہ کو اپنے ہاتھوں سے غسل دیا ہے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف بن عبدالعزیز بھی کعبۃ اللہ کو غسل دینے کے عمل کے دوران شاہ سلمان کے ہمراہ تھے۔وہ جب مسجد الحرام پہنچے تو گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر شاہ سلمان نے مسجد الحرام کے توسیعی اور مکہ مکرمہ کے ترقیاتی منصوبے کے حوالے سے دریافت کیا اور انھیں مرحوم شاہ عبداللہ کے دور میں شروع کیے گئے توسیع منصوبوں پر پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔انھوں نے شہزادہ خالد کو ہدایت کی کہ وہ حرم مکی کے توسیعی منصوبے کو ترجیحی بنیاد پر مکمل کرائیں۔
واضح رہے کہ مسجد الحرام کی تعمیر وتوسیع کا بڑا منصوبہ سعودی عرب کے مرحوم فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے دور حکومت میں شروع کیا گیا تھا۔اس منصوبے کے دو مراحل مکمل ہوچکے ہیں اور اس وقت تیسرے مرحلے پر کام جاری ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ