- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

جمعرات کے روز اسرائیلی بمباری سے مزید 14 فلسطینی شہید

اسرائیلی جنگی طیاروں کی طرف سے غزہ میں فلسینیوں پر بمباری جمعرات کے روز بھی شد و مد سے جاری ہے۔ فلسطینی حکام کے مطابق اس بمباری کے نتیجے میں اب تک کم از کم 14 مزید فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔

فلسطینی حکام کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کے دوران اسرائیلی بمبار طیاروں نے غزہ میں 300 فلسطینی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی فوجی ترجمان پیٹر لرنر نے اس تازہ بمباری کا جواز فلسطینی مسلح تنظیموں کی جانب سے فائر کئے جانے والے راکٹوں کو بتایا ہے۔
اسرائیلی ترجمان کا کہنا ہے” گذشتہ رات کے دوران غزہ میں 322 اہداف کو نشانہ بنایا گیا جبکہ مجموعی طور پر اب تک 750 اہداف پر بمباری کی جا چکی ہے۔ اس کے بقول اب تک 200 راکٹ اسرائیل کے مختلف قصبوں اور آبادیوں کی طرف فائر کیے جا چکے ہیں۔
تاہم اسرائیلی ترجمان نے واضح کیا ہے کہ ان راکٹوں کی وجہ سے اسرائیل کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ البتہ جنوبی اسرائیل کے علاقوں میں کاروبار بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اس وجہ سے ہزاروں اسراِئیلی جنوبی علاقوں سے شمالی قصبوں کی طرف منتقل ہو گئے ہیں۔
حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے کہا ہے کہ اس نے جمعرات کی صبح اسرائیل کے شہر حیفا پر چھ راکٹ فائر کیے ہیں۔ اس سے پہلے سمندر میں اسرائیلی کشتیوں پر بھی راکٹ فائر کیے جانے کی خبریں آچکی ہیں۔
اس صورت حال پر فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کے علاوہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون تشویش ظاہر کر چکے ہیں۔
بان کی مون نے کہا صورت حال مزید خطرناکی کی طرف بڑھ رہی ہے، غزہ بالکل ایک خنجر کی نوک پر آ گیا ہے اور تشدد نے غزہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ یہ صورت حال جنوبی اسرائیل اور مغربی کنارے بشمول مشرقی یروشلم کی ہے۔

یو این اجلاس
ادھر فلسطین اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر غور کے لیے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔
پندرہ رکنی کونسل کا اجلاس جمعرات کو نیویارک کے مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے منعقد ہو گا جس میں غزہ سے اسرائیل پر راکٹ باری اور اسرائیل کے جوابی فضائی حملوں سے پیدا ہونے والی صورتِ حال کا جائزہ لیا جائے گا۔
ماہ رواں کے لیے سلامتی کونسل کے صدر اور یو این میں روانڈا کے سفیر نے بتایا کہ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون اور اسرائیل اور فلسطینی کے سفیر کونسل کے ارکان کے علاقے کی صورتِ حال پر بریفنگ دیں گے جس کے بعد کونسل کا بند کمرہ اجلاس ہو گا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ