- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

“خدمت حجاج تمغہ افتخار” کے عنوان سے میزبانوں کی عدیم النظیر مُہم

حج کے موقع پر بیت اللہ کی زیارت کا شرف حاصل کرنے کے لئے دنیا کے کونے کونے سے آنے والے اللہ کے مہانوں کی خدمت سعودی حکومت کے لیے ہمیشہ باعث فخر رہی ہے۔

خانہ کعبہ کے متولیوں اور میزبانوں کی جانب سے رواں سال ملکی تاریخ کی ایک منفرد مہم شروع کی گئی ہے، جسے “خدمت حجاج باعث اعزاز” کا خوبصورت عنوان دیا گیا ہے۔
اس مہم کا مقصد الحرمین الشریفین کی زیارت کو آنے والے فرزندان توحید کی ہر ممکن خدمت بجا لاتے ہوئے انہیں مناسک کی ادائی میں سہولت بہم پہنچانا ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق امیر مکہ معظمہ شہزادہ خالد الفیصل نے اپنی نوعیت کی اس عدیم النظیر مہم کو کامیاب بنانے کے لیے کارکنوں کی تربیتی ورکشاپ کا افتتاح کیا۔
تربیتی ورکشاپ میں الحرمین الشریفین کے امور کی نگرانی کرنے والے مختلف اداروں کے رضاکاروں کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے۔ ورکشاپ میں رضاکاروں کے لیے علماء اور مبلغین کے لیکچرز کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے، جو انہیں حجاج کرام کے ساتھ برتاؤ اور ان کی خدمت کے آداب و قرینے سکھاتے ہیں۔ اس دوران رضا کارکارکنوں کو یہ بتایا جا رہا ہے کہ وہ حج جیسی عظیم عبادت کواس کی روح کے مطابق ادائیگی میں حجاج کرام کی کیسے خدمت کرسکتے ہیں۔
نیز شرکائے ورکشاپ کو حج کے موقع پر نظم و ضبط یقینی بنانے اور کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے بھی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ رضاکاروں کے ذہن میں یہ بات راسخ کی جا رہی ہے کہ وہ حجاج کرام کی خدمت کواپنے لیے باعث شرف سمجھیں کیونکہ یہ خدمت ہر شخص کے مقدر میں نہیں ہوتی۔