افغانستان کے شمال مشرقی شہر قندوز کے گنجان آباد علاقے میں ہفتے کو ہونے والے دھماکے میں کم از کم 10 پولیس اہلکار ہلاک اور 18 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے اکثریت شہریوں کی ہے۔
قندوز پولیس کے ترجمان سید سرور حسینی نے اے ایف پی کو بتایا کہ دھماکے میں انسداد دہشت گردی کی پولیس کے سربراہ، ٹریفک پولیس کے سربراہ اور ان کے گارڈز سمیت دس افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 18 افراد زخمی بھی ہوئے جس میں 13 شہری اور 5 پولیس اہلکار شامل ہیں۔
صوبائی گورنر کے ترجمان عنایت اللہ خلیق نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تصدیق کی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکہ مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجکر 20 منٹ پر ہوا۔
قندوز کے محکمہ صحت کے سربراہ سعد مختار کے مطابق دھماکے میں 19 افراد زخمی ہوئے۔
ابھی تک کسی نے بھی ان حملوں کی ذمے داری قبول نہیں کی لیکن ماضی میں طالبان عسکریت پسندوں پر ان حملوں کی ذمے داری عائد کی جاتی رہی ہے۔
اس سے قبل ہفتے کو ہی جنوب مشرقی صوبے غزنی میں ہونے والے ایک اور خودکش دھماکے میں 2 شہری ہلاک ہو گئے تھے۔
طالبان نے دعوی کیا ہے جمعے کو صوبہ کاپیسا میں نیٹو کے کاررواں پر حملے میں دشمن کے دو ٹینک تباہ جبکہ بارہ اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
ڈان نیوز