- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

’اسلام ہی توحید و نجات کا دین ہے‘

خطیب اہل سنت زاہدان شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید دامت برکاتہم نے اپنے خطبے جمعے کا آغاز قرآنی آیت: ” قُل اِنَّ صَلَاتِی وَ نُسُکِی وَ مَحیَایَ وَ مَمَاتِی لِلّٰہِ رَبِّ العٰلَمِینَ” ((یہ بھی) کہہ دو کہ میری نماز اور میری عبادت اور میرا جینا اور میرا مرنا سب خدائے رب العالمین ہی کے لئے ہے۔) کی تلاوت سے کرتے ہوئے کہا: اسلام توحید و یگانگی کا دین ہے جو انسان کو جنت تک پہنچاتاہے۔ ابراہیمی دین یہی ہے اور دیگر ادیان منسوخ ہوچکے ہیں۔

جامع مسجد مکی زاہدان میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزیدکہا: اللہ تعالی نے مذکورہ آیت سے پہلے ان امتوں کا تذکرہ فرمایا جنہوں نے اپنے دین کو تقسیم کیا اور دنیاوی اغراض کی خاطر فرقوں میں بٹ گئے۔ اللہ رب العزت فرماتاہے: یا محمد! آپ ان میں نہیں ہیں اور آپ کا دین اسلام ہے۔ اسلام صراط مستقیم اور سیدھی راہ ہے۔

حضرت شیخ الاسلام نے مزیدکہا: آج کل عیسائیت، یہودیت، بدھ مت اور ان جیسے دیگر ادیان نے مختلف راستے اپناکر راہِ راست سے منحرف ہوچکے ہیں۔ اللہ تعالی نے ان ادیان کو منسوخ فرماکر اسلام کو برگزیدہ دین قرار دیا ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا دین راہ راست پر ہے اور ابراہیم علیہ السلام کا دین بھی یہی تھا۔ اسی لیے اللہ تعالی نے فرمایا: ابراہیم نہ تو یہودی تھے نہ عیسائی بلکہ [سب سے بے تعلق ہوکر] اللہ کے صحیح فرمانبردار تھے اور آپ مشرکوں میں نہ تھے۔

مولانا عبدالحمید نے مزیدکہا: قرآن پاک کی رو سے ابراہیم علیہ السلام سے سب سے زیادہ نزدیک پیغمبراسلام اور ان کے پیروکار مسلمان ہیں، ارشادخداوندی ہے: اِنَّ اَولَی النَّاسِ بِاِبرٰہِیمَ لَلَّذِینَ اتَّبَعُوہُ وَ ہٰذَا النَّبِیُّ وَ الَّذِینَ اٰمَنُوا وَ اللّٰہُ وَلِیُّ المُؤمِنِینَ، (ابراہیم نہ تو یہودی تھے اور نہ عیسائی بلکہ سب سے بےتعلق ہو کر ایک (خدا) کے ہو رہے تھے اور اسی کے فرمانبردار تھے اور مشرکوں میں نہ تھے.) اس لیے عیسائی اور یہودی لوگوں کا دین ہرگز ابراہیمی نہیں ہے۔ ایسا کہنا بالکل غلط ہوگا۔ ابراہیمی دین صرف اسلام ہے۔

شروع میں تلاوت کی گئی آیت کی تشریح کے ضمن میں انہوں نے کہا: اسلام کا خلاصہ توحید و اخلاص ہے۔ اسلام میں تمام عبادتیں اور موت وحیات اللہ ہی کیلیے ہیں غیر کیلیے نہیں۔ اسی لیے ہرمسلمان کی سوچ و فکر روحانی زندگی اور عبادات کے بارے میں ہونی چاہیے۔ دنیاوی اشیا اور مال و دولت انسان کی راحت و آرام کیلیے ہیں، اور انسان اللہ کی عبادت کیلیے پیدا کردی گئی۔ جو اپنا مقصد حصولِ دنیا کو قرار دے وہ غلط راستے پر ہے۔

خطیب اہل سنت نے تاکید کرتے ہوئے کہا: اسلام مسلمانوں اور اس کے ماننے والوں کی عزت و کامیابی کی ضمانت ہے۔ اسلام کی مکمل اور ہمہ جہت اتباع سے دنیا و آخرت کی عزت ملتی ہے۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی مثال سب کے سامنے ہے۔

آخرمیں مولانا عبدالحمید نے ایرانی سائنسدان ’’مصطفی احمدی روشن‘‘ کے تہران میں قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا: تشدد اور قتل سے مزید تشدد پیدا ہوتا ہے اور بدامنی پھیلتی ہے۔ جس نے یہ کام کیا ہے اس کا مقصد قوم کو نقصان دینا ہے۔ سائنسدانوں کا تعلق کسی خاص گروہ سے نہیں بلکہ ان کا تعلق پوری قوم سے ہے۔