- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

’دنیاکے فتنوں سے بچنے کاواحد ذریعہ شریعت ہے‘

خطیب اہل سنت زاہدان شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید دامت برکاتہم نے اپنے خطبہ جمعہ میں دنیا کو زر و زور اور فتنوں اور گناہوں کی جگہ قرار دیتے ہوئے کہا: ان خطرات سے بچنے کا واحد ذریعہ شریعت اور قرآن پاک ہے۔
انہوں نے اپنے خطبے کا آغاز قرآنی آیت ’’والذین جاہدوا فینا لنہدینہم سْبْلنا و اِن اللہ لمع المحسنین‘‘، (اور جن لوگوں نے ہمارے لئے کوشش کی ہم ان کو اپنے راستے دکھائیں گے اور خدا تو نیکوکاروں کے ساتھ ہے۔) کی تلاوت سے کرتے ہوئے مزیدکہا: جس دنیا میں ہم رہتے ہیں فساد کا دور دورہ ہے، جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون راج کررہاہے۔ جھوٹ، الزام تراشی، چوری اور رشوت ستانی جیسے گناہ عام ہوچکے ہیں۔ لیکن اس بات کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ انصاف بالکل ناپید ہے اور نیک لوگ عنقا بن چکے ہیں۔ بہرحال عموما ایسا ہے کہ کمزور لوگوں کا حق پامال ہوتاہے، جس کے پاس زیادہ پیسہ اور اقتدار ہوتاہے دوسرے لوگ اس کے شر سے محفوظ نہیں رہتے۔ اقلیتوں کے حقوق کا خیال نہیں رکھاجاتاہے۔ اسی وجہ سے کہاجاتاہے فتنہ و معاصی عام ہوچکے ہیں۔
جامع مسجدمکی زاہدان میں خطاب کرتے ہوئے ممتاز سنی عالم دین نے مزیدکہا: ان دنوں میں عیسائی برادری حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے یوم ولادت کی مناسبت سے جشن منارہے ہیں اور ان کے بقول ’عید میلاد المسیح‘ ہے۔ حضرت عیسی اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ نبی تھے جو لوگوں کو توحید کی جانب دعوت دیتے تھے۔ لیکن ان کی یوم پیدائش کے بہانے سے لوگ پوری دنیا میں مختلف قسم کے گناہوں کا ارتکاب کرتے ہیں۔ شراب نوشی، فحاشی وعریانی و دیگر معاصی اسی دن میں کیے جاتے ہیں جو ان کے نزدیک ’’عید‘‘ کہلاتاہے۔
’ بعض صلحا و اولیاء اللہ کے مزاروں اور قبروں پر بھی جاہل لوگ معصیت کا ارتکاب کرتے ہیں۔ چنانچہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مرض الوفات میں دعا فرمائی کہ بارالہا! میری قبر کو بت نہ بنادے جس کی عبادت کی جائے، اللہ کی لعنت ہو یہودیوں اور عیسائیوں پر جنہوں نے انبیائے کرام کی قبروں کو مسجد اور عبادت کی جگہ بنادی،‘ مولانا عبدالحمید نے مزیدکہا۔
بات آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے کہا: آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جنت البقیع میں دفن ہونے سے منع کیا اور انہیں ام المومنین عائشہ رضی اللہ عنہا کے گھر میں دفنایا گیا تا کہ ان کی قبر جائے عبادت نہ بنے۔ اس طرح اہل بدعت پر کنٹرول ممکن ہوگیا۔ الحمدللہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی قبرمبارک درود وسلام کی جگہ ہے عبادت وپرستش کی جگہ نہیں ہے۔
قرآن مجید سے استدلال کرتے ہوئے مولانا عبدالحمید نے اہل کتاب کے بعض غلط عقائد کا تذکرہ کیا جو توحید کے سراسر خلاف ہیں۔ اللہ تعالی نے ان کے عقائد کی تردید فرمائی اور انسانیت کو صحیح عقائد سے روشناس فرمایا۔
دارالعلوم زاہدان کے مہتمم نے مزیدکہا: ایک مرتبہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قربِ قیامت میں رونما ہونے والے فتنوں کا تذکرہ فرمارہے تھے تو حضرت علی رضی اللہ عنہ نے پوچھا کہ ان فتنوں سے بچاؤ کیا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کتاب اللہ! اگر لوگ قرآن پاک کی تعلیمات پر عمل کریں تو فتنوں اور گناہوں سے بچ جائیں گے۔
اللہ رب العزت نے قرآن پاک میں گزشتہ قوموں کے حالات و واقعات کا تفصیلی تذکرہ کیا ہے تاکہ بعد میں آنے والی قومیں عبرت پکڑیں۔ اس عظیم کتاب میں گناہوں سے بچنے کے ذرائع بھی موجود ہیں۔ تقوا اختیار کرنے سے بندہ اللہ کی معیت حاصل کرسکے گا۔ قرآن کا حکم ہے کہ متقی بن جاؤ، نماز پڑھا کرو، ظلم سے اجتناب کرو اور زکات ادا کرو۔ ان احکامات پر عمل کرنے والا شخص فتنوں سے بچ جائے گا۔
انہوں نے تاکید کی موجودہ حالات میں ہمیں سب سے زیادہ کتاب اللہ اور شریعت پر مکمل عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ شریعت ہی ہمارے مسائل کا حل ہے۔
آخرمیں خطیب اہل سنت زاہدان نے حاضرین کو پنج وقتہ نمازوں کی سختی سے پابندی کی نصیحت کی۔ انہوں نے کہا نمازوں کو باجماعت پڑھنے کی کوشش کریں خاص کر فجر کی نماز کے حوالے سے سستی نہیں کرنی چاہیے۔