- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

عبوری کونسل کے سربراہ طرابلس پہنچ گئے

طرابلس(جنگ نیوز) لیبیا کی عبوری کونسل کے سربراہ اور نگراں وزیر اعظم مصطفی عبدالجلیل پہلی مرتبہ بن غازی سے طرابلس پہنچے ہیں ،دوسری جانب افریقی ملک گینا بساوٴ کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ کرنل قذافی نے ان سے پناہ کی درخواست کی تو وہ اس کا خیرمقدم کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی آمد کو سرکاری ٹی وی پر براہ راست دکھایا گیا ہے۔ طرابلس پہنچنے پر مصطفی عبدالجلیل کے حامیوں نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔ ان کی آمد کے موقع پر طرابلس ہوائی اڈے پر بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے۔ انہوں نے لیبیا کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔
مبصرین کے مطابق مصطفیٰ عبدالجلیل کی طرابلس آمد اوران کا پرجوش استقبال اس امرکی دلیل ہے کہ طرابلس پران کا قبضہ مضبوط ہے اور انہیں لیبیائی عوام کی بھرپور تائید اور حمایت حاصل ہے۔
درایں اثناء جنوبی افریقہ ملک گنی بساوٴ کے ریڈیو نے اطلاع دی ہے کہ ان کا ملک لیبیا کے کرنل معمر قذافی کو اپنے ہاں پناہ دینے پر تیار ہے۔
ریڈیو نے وزیراعظم کارلوس گومیس گونیور کا ایک بیان نشر کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے اگر کرنل قذافی نے ان کے ہاں پناہ کی خواہش ظاہر کی تو وہ اس کا دلی طور پرخیر مقدم کریں گے۔