- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

بنگلہ دیش کا اسلام کو قومی مذہب برقرار رکھنے کااعلان

ڈھاکا (اے پی پی) بنگلہ دیش نے اسلام کو بطور قومی مذہب برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا۔ وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی جانب سے ملک کی سیکولر حیثیت کی بحالی کی کوششوں کے باوجود منگل کو وزیر شفیق احمد نے اعلان کیا ہے کہ اسلام بدستوربنگلہ دیش کا ریاستی مذہب رہے گا جبکہ ہندوؤں، بدھ پیروکاروں اور عیسائیوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہوگی۔ بنگلہ دیش نے 1972ءمیں سیکولر ریاست قائم کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم بعدازاں دو ملٹری ڈکٹیٹروں کی طرف سے مسلسل آئینی اصلاحات اور تبدیلیوںکی وجہ سے 1988ءمیں اسلام کو ریاست کا قومی مذہب قرار دے دیا گیا۔
حسینہ واجد نے ملک کی سیکولر حیثیت کی بحالی کا وعدہ کیا تھا جو پورا نہ ہو سکا۔ بنگلہ دیشی حکومت کے موجودہ فیصلہ کی عوامی لیگ کے اتحاد میں شامل بائیں بازو کی سیاسی جماعتوں اور ہندوں، عیسائیوں اور بدھ مت کے بااثر مشترکہ فورم نے بھرپور مخالفت کی ہے۔