بغداد(مانیٹرنگ ڈیسک) عراق میں صوبائی گورنر جنرل کی رہائش گاہ پر2 کار بم حملوں کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت25افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق وسطی عراق کے علاقے دیوانیہ میں صوبائی گورنر جنرل سلیم حسین الوان کی رہائش گاہ کے باہر 2 خود کش حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑیاں سیکورٹی پر مامور گاڑیوں سے ٹکرا دیں جس کے نتیجے میں کئی ہلاکتیں ہوئیں۔ جن میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بیشتر پولیس اہلکار ہیں تاہم صوبائی گورنر ان حملوں میں بال بال بچ گئے۔
حکام کے مطابق دوسرا حملہ اس کے فوراً بعد کیا گیا۔عراقی وزارت دفاع نے 25افراد کے ہلاک اور 35کے زخمی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔واضح رہے کہ دیوانیہ دارالحکومت بغداد سے 130کلومیٹر کے فاصلے پر جنوب میں واقع ہے۔ یہ ایک شیعہ اکثریتی آبادی ہے اور عراق کے بیشتر مسلح گروہ یہاں متحرک ہیں۔
اگرچہ 2006ءکی نسبت عراق میں تشدد کم ہے لیکن بم دھماکے اور فائرنگ کے واقعات روز بروز پیش آرہے ہیں اور ان کا نشانہ بننے والے زیادہ تر افراد پولیس اہلکار ہیں۔گزشتہ ہفتے مسلح افراد نے صوبائی کونسل کی عمارت میں گھس کر 8افراد کو قتل کر دیا تھا۔