- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

ایم کیو ایم کا کابینہ سےعلیحدگی کا اعلان

altaf_hussainاسلام آباد(بی بی سی) حکمراں پیپلز پارٹی کی دوسری بڑی حلیف جماعت متحدہ قومی موومنٹ نے وفاقی کابینہ سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔ اسلام آباد میں بی بی سی کے نامہ نگار ہارون رشید کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کا پیر اور منگل کی رات بیک وقت لندن اور کراچی میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے رابطہ کمیٹی نے وفاقی کابینہ میں شامل ایم کیو ایم کے دو وزراء کو فوری طور پر مستعفی ہونے کے لیے کہا ہے۔ بیرون ملک پاکستانیوں کے وفاقی وزیر ڈاکٹر فاروق ستار اور بندرگاہوں اور جہاز رانی کے وزیر بابر غوری اس وقت غیرملکی دورے پر ہیں اور واپسی پر استعفے دیں گے۔

ایم کیو ایم نے تاہم پارلیمان میں سرکاری بنچوں پر ہی بیٹھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی پر فیصلے کا اعلان کرتے ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر وہ حکومتی اتحاد کا حصہ رہیں گے اور پارلیمان میں سرکاری بینچوں پر ہی بیٹھیں گے۔
ایم کیو ایم کی ناراضگی کی انتہاء سندھ کے وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا کے گزشتہ دنوں کے ایک متنازعہ بیان سے پہنچی ہے لیکن علیحدگی وہ مرکزی حکومت سے کر رہے ہیں۔ اس بابت وفاقی وزیر اطلاعات قمرالزماں کائرہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اتحادیوں کی شکایت کو سنجیدگی سے لیتے ہیں اور ایم کیو ایم سے دوبارہ رابطہ کیا جائے گا۔