- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

جدید اسلحہ برآمد، شازین بگٹی گرفتار

shahzain_bugti_arrestکوئٹہ (بى بى سى) فرنٹیئرکور نے کوئٹہ میں بلوچ قبائلی سردار نواب محمد اکبر خان بگٹی کے پوتے اور جمہوری وطن پارٹی کے صوبائی صدر نوابزادہ شازین بگٹی سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ برآمد کر کے انہیں ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا ہے۔

کوئٹہ سے بی بی سی کے نامہ نگار ایوب ترین کے مطابق جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی صدر نوابزادہ طلال بگٹی کے صاحبزادے نوابزاد شازین بگٹی کو فرنٹیئر کور نے بدھ کی صبح اس وقت بلیلی کے مقام پر روک کرگرفتار کیا جب ان کے قافلے میں شامل گاڑیوں سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ برآمد ہوا ۔
کوئٹہ میں ایف سی ذرائع کے مطابق نوابزادہ شازین بگٹی گذشتہ روز افغانستان کے ملحقہ سرحدی شہر چمن گئے تھے جہاں سے وہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب گاڑیوں کے ایک قافلے کی شکل میں کوئٹہ کی طرف روانہ ہوئے تھے ۔
ذرائع کے مطابق ایف سی کو اطلاع دی گئی تھی کہ وہ بھاری مقدارمیں غیر قانونی اسلحہ لے کر کوئٹہ آ رہے ہیں جس پر ایف سی اور دیگر اداروں نے کوئٹہ کے داخلی راستے پر بلیلی کے مقام کی ناکہ بندی کی اور تقریباً پانچ بجے صبح جب شازین بگٹی قافلے کے ہمراہ وہاں پہنچے تو ان کے قافلے کو چاروں طرف سے گھیر لیا گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق قافلے میں شامل گاڑیوں کی تلاشی کے دوران پانچ راکٹ لانچرز اور دو طیارہ شکن توپوں کے علاوں پینتالیس کلاشنکوفیں اور ستر ہزار کے قریب مختلف قسم کی گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔
سکیورٹی فورسز نے شازین بگٹی کے ساتھیوں کو پہلے ہی گرفتار کر لیا تھا جبکہ شازین بگٹی نےگرفتاری دینے سے انکار کرتے ہوئے گاڑی بھگانے کی کوشش کی لیکن سکیورٹی اہلکار انہیں گاڑی سے اتار کر اپنے ساتھ لےگئے۔
گرفتاری کے موقع پر شازین بگٹی کا کہنا تھا کہ وہ بےگناہ ہیں اور انہیں ایک سازش کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔
کوئٹہ میں ایف سی ذرائع نے بتایا ہے کہ برآمد ہونے والا اسلحہ افغانستان سے پاکستان لایاگیا تھا۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ (آپریشن) حامد شکیل نے بتایا ہے کہ ابھی تک شازین بگٹی کے خلاف مقدمہ درج نہیں ہوا ہے اور دیکھا جارہا ہے کہ ان سے کتنا غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا ہے اور اسی بنیاد پر شازین اور ان کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔
دوسری جانب جمہوری وطن پارٹی نے نوابزادہ شازین بگٹی کی گرفتاری اور ان پر ہونے والے مبینہ تشدد کی مذمت کرتے ہوئے ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جس میں آئندہ کا لائح عمل طے کیا جائے گا۔
آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل عبیداللہ نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ شازین بگٹی سے تین گھنٹے تک مذاکرات ہوتے رہے۔ انہوں نے بتایا کہ شازین بگٹی نے فرار ہونے کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔
آئی جی کے مطابق شازین بگٹی نے گاڑیوں کی چیکنگ کی اجازت نہیں دی۔ انہوں نے مذید بتایا کہ حراست میں لیے گئے افراد اور اسلحے کو پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔
آئی جی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اداروں پر اعتماد رکھیں اور علاقے میں امن و امان کو یقینی بنایا جائے گا۔