- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

الفتح تنظیم نے اسرائیل کو حماس پر حملے کی دعوت دی، وکی لیکس

mahmoud-abbas-01مقبوضہ بیت المقدس(ايجنسياں) وکی لیکس کے چونکا دینے والے انکشافات کا سلسلہ جاری ہے ، تازہ ترین انکشاف یہ ہوا ہے کہ فلسطین اتھارٹی کے صدر محمود عباس کی تنظیم الفتح نے دو ہزار سات میں اسرائیل سے کہا تھا کہ وہ حماس پر حملہ کر دے۔

تیرہ جون دو ہزار سات کو تل ابیب سے امریکی سفارت خانے کو بھیجے گئے مراسلے کے مطابق۔اسرائیلی سیکیورٹی ایجنسی کے چیف Yuval Diskin کا کہنا تھا کہ انہوں نے فلسطینی صدر محمودعباس کی سیکیورٹی سروسز سے بہت اچھے تعلقات قائم کرلیے ہیں اور یہ ایجنسیاں تقریبا تمام معلومات اسرائیل کو فراہم کرتی ہیں۔
اسرائیلی سیکیورٹی چیف نے امریکی سفیر کو بتایا کہ الفتح کے چند رہنما ان کے پاس آئے تھے۔وہ بہت مایوس ، غیر منظم اور بددل نظر آرہے تھے ۔ انہوں نے زور دیا کہ غزہ میں اسرائیل کو مداخلت کرنی چاہیے وہ ابھی تک حماس پر حملے کے لیے اصرار کر رہے ہیں ۔ تاہم اسرائیلی سیکورٹی چیف نے الفتح کے ان رہنماوٴن کے نام بتانے سے گریز کیا۔
مراسلے کے مطابق یوول ڈسکن نے کہاکہ ان کے لیے یہ بالکل نئی صورت حال ہے ، جو اس سے پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئی ۔مراسلے کے مطابق اسرائیل کے سیکیورٹی چیف نے امریکا کی جانب سے الفتح کو اسلحہ دینے کی تجویز کی بھی مخالفت کی۔
یوول ڈسکن کا کہنا تھا کہ غزہ پر حماس کا تسلط قائم ہے اور یہ اسلحہ حماس کے ہاتھوں میں بھی پہنچ سکتا ہے۔موجودہ حالات میں فتح کے لیے حماس کو مکمل طور پر ختم کرنا ممکن نہیں ہوگا۔