- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

خضدار پریس کلب کے صدر کا قتل

mohd_sasoliکوئٹہ(بی بی سی) بلوچستان کے ضلع خضدار میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے خضدار پریس کلب کے صدر محمد خان ساسولی کو ہلاک کر دیا ہے۔ اس واقعہ کے خلاف مختلف سیاسی جماعتوں نے بدھ کو خضدار میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کوئٹہ سے بی بی سی کے نامہ نگارایوب ترین کے مطابق محمد خان ساسولی کو منگل کی شام اس وقت نامعلوم مسلح افراد نے گولی مار کر ہلاک کیا جب وہ ورکرزکالونی میں واقع اپنےگھر کے گیٹ پر پہنچے تھے۔
خضدار پریس کلب کے نائب صدر ریاض مینگل نے بی بی سی کو بتایا کہ محمد خان ساسولی جیسے ہی گھر پہنچے تو ان پر ایک موٹرسائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ محمد ساسولی کوبدھ کو خضدار سے پچیس کلومیٹر دور واقع ان کے آبائی گاؤں پشک میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
ریاض مینگل کے بقول سیاسی اور سماجی حلقوں میں محمد خان ساسولی کا احترام ان کی غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کی وجہ سے کیا جاتا تھا اور وہ بلاامتیاز تمام طبقوں کے لیے کام کرتے تھے۔
اس واقعہ کے خلاف بلوچستان نیشنل پارٹی، نیشنل پارٹی، انجمن تاجران اور دیگر تنظیموں نے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے بدھ خضدار میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ریاض مینگل کے مطابق محمد خان ساسولی کو کافی عرصے سے مختلف گروہوں کی جانب سے دھمکیاں دی جا رہی تھیں۔ ان کے مطابق بلوچ مسلح دفاع نامی تنظیم کی جانب سے ایک پمفلٹ بھی تقسیم ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ خضدار کے صحافی بی ایس او اور بی این پی کے جلسوں کی رپورٹنگ نہ کریں۔
خیال رہے کہ چھ ماہ قبل میں خضدار میں ہی ایک اور صحافی فیض ساسولی بعض نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے تھے اور بعد میں بلوچ لبریشن آرمی نے اس کی ذمہ داری قبول کی تھی۔