- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

افغانستان میں مزید 5ناٹو فوجی ہلاک‘ دشمن جنگ ہارچکا ہے‘ ملا عمر

nato-killed-afghanکابل/واشنگٹن/برلن(مانیٹرنگ ڈیسک+ خبر ایجنسیاں)افغانستان کے صوبے کنٹر میں طالبان کے ساتھ جھڑپ میں ناٹو کے مزید 5 فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ گزشتہ 2روز میں مارے جانے والے ناٹو فوجیوں کی تعداد 9 ہوگئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کنڑ صوبے میں غیر ملکی فوج کے اڈے پر طالبان نے حملہ کردیا۔طالبان نے جھڑپ میں5غیر ملکی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔ ناٹو کی جانب سے جھڑپ کا مقام نہیں بتایا گیا۔ واضح رہے کہ جھڑپ میں ہلاک ہونے والے غیر ملکی فوجیوں کی تعداد گزشتہ 6 ماہ کے دوران طالبان کے کسی بھی حملے میں سب سے زیادہ ہے۔
دوسری جانب افغان طالبان رہنما ملا محمد عمر نے کہا ہے کہ افغانستان ایک سنہری تاریخ رکھتاہے غیرملکی افواج میدان میں جنگ ہارچکی ہے صرف میڈیا تک محدود ہے ۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق عیدالاضحی کے موقع پر اپنے نئے ای میل پیغام میں ملا عمر نے کہا کہ مذاکرات کے حوالے سے طالبان کے مو ¿قف میں لچک کے دعوے بے بنیاد پروپیگنڈہ ہیں اور دشمن افغانستان میں اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے اپنے عوام کے دلوں میں جھوٹی امیدوں کو ابھار رہا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ دشمن نے ہمارے گھرافغانستان پریلغار کی‘ دشمن اسلحہ اورٹیکنالوجی کے زور پر زبردستی داخل ہواہے اورجان بوجھ کر افغانستان کے مظلوم عوام پر جنگ مسلط کی لیکن مجاہدین دشمن کاروزبروز گھیرا تنگ کررہے ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں امریکی عوام کومتنبہ کیا کہ اگرکوئی ملک امریکا پر افغانستان کی طرح یلغا ر کرے اور حملہ کرے تواس وقت امریکی عوام کیا محسوس کریں گے اوران کا رد عمل کیا ہوگا۔
علاوہ ازیں افغانستان کے شہر قندوز میں طالبان کے ایک کمیونی کیشن ٹاور پر حملے میں 9 اہلکاروں سمیت 16 افراد ہلاک ہوگئے۔ صوبائی پولیس سربراہ عبدالرحمن سرخیلی نے صحافیوں کو بتایا کہ قندوز میں سرکاری ٹیلی کمیونی کیشن ٹاورپر عسکریت پسندوں کے حملہ اور سیکورٹی گارڈ کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں 7 حملہ آور اور9 ملازمین ہلاک ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں جائے وقوعہ پر بھیجا گیا ایک پولیس افسر بھی کراس فائرنگ کا شکار ہوگیا۔
ادھر افغانستان کے لیے امریکی کمانڈر جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے امریکا کی جنگی حکمت عملی پر افغان صدر حامد کرزئی کی تنقید پر افغان حکومت کو خبردار کیا ہے کہ ان کی تنقید سے افغان جنگ کی پیش رفت کو نقصان پہنچ سکتا ہے ‘افغان صدر اس قسم کے بیانات سے گریز کریں۔دوسری جانب سینئر امریکی عہدیدار نے کہا ہے کہ ناٹو اور روس نے افغان جنگ میں وسیع تر اتحاد کے لیے معاہدوں کو حتمی شکل دے دی ہے جبکہ جرمنی نے افغانستان میں فوجیوں میں کمی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ادھر امریکا کے ایک اخبار نیویارک ٹائمز نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی حکومت آئندہ ڈیڑھ 2 برس کے عرصے میں افغانستان کے کچھ علاقوں میں لڑاکا مشن کی ذمہ داری افغان سیکورٹی فورسز کے سپرد کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔