- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

درہ آدم خیل کی مسجد میں دھماکہ ،50نمازی شہید ،80زخمی

injured_peshawarدرہ آدم خیل(جنگ نیوز) نیم قبائلی علاقے درہ آدم خیل کے گاؤں اٹاری وال کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خود کش دھماکہ ہوا۔ دھماکے میں50 افراد شہید اور 80 سے زائد زخمی ہوئے۔

دھماکے سے علاقے میں بھگدڑ مچ گئی لیکن مقامی افراد نے امدادی کارروائیاں شروع کردیں،دھماکے سے مسجد کے اندرونی ہال کو نقصان پہنچا،اور علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی ۔ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو پشاورکے لیڈی ریڈنگ اسپتال لایا گیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق بائیس افراد کی لاشیں لائی گئی ہیں جن میں ایک خاتون اور متعدد بچے بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ درہ آدم خیل کے مقامی اسپتال میں23 لاشیں لائی گئیں۔ زخمی ہونے والوں میں15افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے، تحریک طالبان پاکستان نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
اس واقع پر وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا کہ دہشت گردی حکومت کا عزم متزلزل نہیں کر سکتی۔ سینئر وزیر بشیر احمد بلورنے لیڈی ریڈنگ اسپتال کا دورہ کیا۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ مسجد میں حملے کرنے والے درندوں سے بھی بدتر ہیں۔