- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

میرانشاہ میں ڈرون حملہ‘ 7 افراد جاں بحق‘ 5 زخمی

drone.nwمیرانشاہ + مہمند ایجنسی (ایجنسیاں) شمالی وزیرستان کی تحصیل شوا میں اتوار کی صبح امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے جبکہ مہمند ایجنسی میں 3پرائمری سکولوں کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق امریکی جاسوس طیارے نے تحصیل شوا میں واقع ایک مکان پر 4 میزائل داغے، گھر کے باہر کھڑی 2گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونےوالے تمام افراد مقامی ہیں اور ان میں کوئی غیرملکی یا القاعدہ رہنما شامل نہیں۔
شمالی وزیرستان میں مقامی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اتوار کی صبح گیارہ بجے تحصیل سپن وام کے علاقے شوہ میں ایک مکان کو امریکی جاسوس طیارے سے نشانہ بنایا گیا۔ مکان کا ایک حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ مکان کو مقامی طالبان کمانڈر حافظ گل بہادر گروپ کے شدت پسند ٹھکانے کے طور پر استعمال کرتے تھے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہونےوالے افراد کی نعشیں بری طرح جھلس جانے کی وجہ سے ناقابل شناخت ہو چکی ہیں۔
ادھر پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی میں تعلیم دشمن شرپسندوں نے دو بوائز اور ایک گرلز پرائمری سکول میں دھماکہ خیز مواد رکھ کر تباہ کر دیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق تحصیل صافی میں تباہ شدہ سکولوں کی مجموعی تعداد 56 ہو گئی۔
ادھر علینگار کے علاقہ میں عسکریت پسندوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی، سکیورٹی فورسز کے بھرپور جواب پر فرار ہو گئے۔