- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

کراچی،فائرنگ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد24ہو گئی

karachi2کراچی(جنگ نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں ہفتے کی شام سے شروع ہونے والے فائرنگ کے واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد 24ہوگئی ہے،جبکہ50سے زائد افراد زخمی ہو ئے ہیں اور شہر میں 5گاڑیوں کو بھی آگ لگادی گئی۔

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کا سلسلہ ہفتے کی شام سے شروع ہوا۔پولیس کے مطابق آج صبح سائٹ کے علاقے فرنٹیئر کالونی میں بس پر فائرنگ کے نتیجے میں2 افراد ہلاک اورتین زخمی ہوئے، جب کہ اورنگی ٹاؤن میں ہزارہ چوک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔اورنگی میں ہی کٹی پہاڑی کے علاقوں میں فائرنگ سے 3افرادلقمہ اجل بن گئے۔
لیاری کے علاقے کلاکوٹ سے دو افرادکی لاشیں اور کیماڑی میں کچرا کنڈی سے ایک بوری بند لاش ملی ہے۔تمام افرادکوتشدد کرکے ہلاک کیا گیا۔ بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں فائرنگ کے واقعات میں 6 افراد ہلاک ہوئے،جبکہ گارڈن کے علاقے میں دھوبی گھاٹ کے قریب فائرنگ سے 3افرادکوقتل کردیا گیا۔ ٹمبرمارکیٹ میں فائرنگ سے دو ،گلشن اقبال کے علاقے میں مسکن چورنگی کے قریب،کھارادر اور حسین آباد میں میں ہونے والی فائرنگ سے3 افراد ہلاک ہوئے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق عباسی شہید اسپتال میں 14زخمیوں کو منتقل کیا گیا،جبکہ جناح اسپتال میں 18 اور سول اسپتال میں 20زخمی لائے گئے ۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق صدر،شارع فیصل ،نیو کراچی اور گلستان جوہر کے علاقوں میں نجی چینل کی اسٹاف وین سمیت5گاڑیوں کو بھی آگ لگادی گئی۔شہر میں کشیدگی برقرار ہے۔
ادھر پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے سے 4مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔