- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

’والد کے قتل کا شام پر الزام غلطی تھی‘

hariri_assadبیروت(بى بى سى)  لبنان کے وزیرِ اعظم سعد حریری نے کہا ہے کہ انھوں نے سابق وزیرِ اعظم اور اپنے والد رفیق حریری کے قتل کا الزام شام کے سر لگا کر غلطی کی۔

سعد حریری نے سعودی عرب کے اخبار الشرق الاوسط سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شام کو رفیق حریری کے قتل کا مرتکب ٹھہرانے کا پس منظر میں سیاست کارفرما تھی۔
انھوں نے کہا کہ لبنان اور شام کےد رمیان گہرے تعلقات ہیں اور یہ کہ ان کے والد کے قتل کی تحقیقات کرنے والی انکوائری کو غلط شہادتوں کے ذریعے گمراہ کیا گیا۔
رفیق حریری سنہ دو ہزار پانچ میں بیروت میں ٹرک بم کے ایک بڑے دھماکے میں ہلاک ہوگئے تھے۔
انٹرویو میں سعد حریری نے کہا: ’ایک حد تک ہم سے غلطیاں ہوئیں اور ہم نے شہید وزیرِ اعظم کے قتل کا الزام، شام پر لگایا۔یہ ایک سیاسی الزام تھا جس کا وجود اب مٹ چکا ہے۔‘
نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ سعد حریری کی طرف سے اس طرح کا بیان ایک بڑی تبدیلی کا آئینہ دار ہے کیونکہ وہ اپنے والد کے قتل کا الزام کئی برسوں سے دمشق پر عائد کرتے رہے ہیں۔ شام نے ہمیشہ اس الزام سے انکار کیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے ایک تحقیقاتی ٹرائبیونل نے ابتدا میں دمشق پر انگلی اٹھائی تھی لیکن اس کا کہنا ہے کہ ابھی مشتبہ لوگوں پر فرد جرم عائد کی جانی ہے۔
شام کا لبنان پر تیس سال تک غلبہ رہا ہے اور اس کی افواج بھی ہزاروں کی تعداد میں وہاں رہیں۔ تاہم رفیق حریری کے قتل پر شام کے خلاف احتجاج کا آغاز ہوگیا جس کے باعث شام نے لبنان سے اپنی فوجیں واپس بلا لیں۔