- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

امریکی ٹھیکوں کے حصول کیلئے بلیک واٹر نے 30 فرضی اداروں کا جال بنا دیا

blackwater-2واشنگٹن (خبررساں ادارے) بدنام زمانہ امریکی سیکورٹی کمپنی بلیک واٹر نے امریکی حکومت کے ٹھیکوں میں لاکھوں ڈالر حاصل کرنے کی غرض سے 30 سے زائد ذیلی کمپنیوں یا ذیلی اداروں کا ایک جال تیارکرلیا ہے۔

بلیک واٹرکے سابق عہدیدار اورکانگریس کے موجودہ تحقیق کار کے مطابق بلیک واٹر نے عراق میں اس کے غیرذمہ دارانہ طرزعمل کے بعد اس پر ہونے والی شدید تنقید پر یہ اقدام کیا ہے۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اگرچہ اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ان میں سے کتنے کاروباری اداروں نے ٹھیکے حاصل کیے ہیں، تاہم ان میں سے کم ازکم تین ادارے امریکی ریاستی فوج یا مرکزی انٹیلی جنس ایجنسی کے ساتھ لین دین کرچکے ہیں۔
امریکی حکومت کے ایک عہدیدارکے مطابق2001ء سے اب تک امریکی انٹیلی جنس ایجنسی نے بلیک واٹر اور اس سے منسلک اداروں کو 60کروڑ ڈالرکے ٹھیکے دیئے ہیں۔ امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسزکمیٹی نے رواں ہفتے ایک چارٹ جاری کیا ہے جس میں بلیک واٹر موجودہ زی سروسز، سے منسلک31 اداروں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹرکارل لی وین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس بات کا جائزہ لینا اہمیت رکھتا ہے کہ بلیک واٹرکو درجنوں دوسرے نام رکھنے کی ضرورت کیوں پڑگئی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے امریکی محکمہ انصاف سے درخواست کی ہے کہ وہ اس بارے میں تحقیقات کرے کہ کیا بیک واٹرکے عہدیدار ان ٹھیکوں کے ذریعے امریکی حکومت کو غلط سمت پر لے جا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سی آئی اے کے تعلقات مسلسل اس کمپنی کے ساتھ قائم ہیں اور اس نے حال ہی میں اس کمپنی کو افغانستان میں سیکورٹی کا 10کروڑڈالرکا ٹھیکہ دیا ہے۔ اس ٹھیکے پر امریکی کانگریس کے ارکان کی جانب سے شدید تنقیدکی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بلیک واٹرکے مختلف ناموں سے قائم ذیلی اداروں یا دوسرے اداروں کے ساتھ مل کرکام کرنے کے حوالے سے امریکا میں سیاسی بحث کے ساتھ اس کمپنی کو سخت قانونی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔