- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

نجی ایئر لائن کا طیارہ اسلام آباد میں گر کر تباہ

pk-air-crashاسلام آباد (العربیہ) اسلام آباد کی مارگلہ پہاڑیوں پر نجی ایئر لائن کا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ طیارے میں159مسافر اور عملے کے ارکان سوار تھے۔
ذرائع کے مطابق ایئر بس 320 صبح 7 بجکر 50 منٹ پر کراچی ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی۔ دامن کوہ کے قریب مقامی افراد نے طیارے کو نیچی پرواز کرتے دیکھا۔ طیارہ گرنے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں حادثے کے مقام کی طرف روانہ ہو گئیں تاہم مارگلہ میں پہاڑیوں کا طویل سلسلہ ہونے اور گھنے جنگلات کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

کچھ امدادی کارکن طیارے کے ملبے تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔امدادی کارروائیوں کے لیے ہیلی کاپٹر سے حادثے کے مقام کا فضائی جائزہ بھی لیا جا رہا ہے تاکہ امدادی کارروائیوں کے لیے حکمت عملی طے کی جا سکے۔
وفاقی ترقیاتی ادارے کے چیئرمین کے مطابق ملبے سے10 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق حادثے کی وجہ اسلام آباد کا خراب موسم ہو سکتی ہے ۔تاہم ابھی تک حادثے کی حتمی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کے عزیز و اقارب کی بڑی تعداد جمع ہو گئی۔ تباہ ہونے والا طیارہ ترکی سے کراچی پہنچنے کے بعد اسلام آباد آرہا تھاکہ ائیر پورٹ پر اترنے سے قبل مارگلہ کی پہاڑیوں سے ٹکرا گیا جو شدید بادلوں میں لپٹی ہوئی تھیں۔
واضح رہے کہ مون سون کی بارشوں کا سلسلہ اسلام آباد اور گردو نواح میں جاری ہے۔