- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

ایک اور امدادی جہاز پر اسرائیل کا قبضہ، ناکہ بندی توڑنے کیلئے ترک وزیراعظم کا خود غزہ جانے کااعلان

freedom-flotillaمقبوضہ بیت المقدس،انقرہ( ايجنسياں) اسرائیل نے غزہ کیلئے امدادی سامان لے جانے والے آئرلینڈ کے جہاز پر بھی قبضہ کر لیا جبکہ امریکا نے کہا ہے کہ غزہ کا محاصرہ ناقابل برداشت ہے ۔

اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل بان کیمون نے کہاہے کہ غزہ کے محاصرہ نے سخت انسانی بحران پیدا کر دیا ہے، اسرائیل فوری طور پر غزہ سے پابندی اٹھائے، انہوں نے کہا کہ حالیہ اسرائیلی حملہ کی فوری تحقیقات کرائی جائیں گی۔
وائٹ ہاؤس نیشنل سیکورٹی کے ترجمان مائیک ہیمر نے نیوز بریفنگ میں کہا کہ غزہ کا اسرائیلی محاصرہ ناقابل برداشت ہوچکا ہے، امریکا سمجھتا ہے کہ اسرائیل کوطریقہ کار تبدیل کرنا ہوگا۔ مائیک ہیمر نے کہا کہ محصورین غزہ تک امداد کی فراہمی امریکا کی ذمہ داری ہے۔ وائٹ ہاوٴس نے اسرائیل کوتنبیہ کی ہے کہ وہ غزہ کی ناکہ بندی فوری ختم کردے ۔ سیکرٹری جنرل نے کہا کہ وہ فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیلی فوج کے حملہ کے بعد کی صورتحال کو قریب سے دیکھ رہے ہیں۔
بحری جہاز کے ایک امدادی کارکن نے بتایاکہ اسرائیل نے غزہ سے پچپن کلو میٹر دورجہاز پر قبضہ کیا۔رچل کوری نامی آئرش جہاز پر شمالی آئرلینڈ کے نوبل انعام یافتہ میریڈ میگوائر اوراقوام متحدہ کے سابق نائب سیکرٹری جنرل ڈینس ہیلی ڈے بھی سوار ہیں۔اسرائیل نے مقبوضہ بیت المقدس میں قیام پذیر حماس کے چار ارکان پارلیمنٹ کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا ہے ۔

ترک وزیراعظم کامحصورفلسطینیوں کیلئے امداد خودلے جانے کااعلان

استنبول۔ترکی کے وزیراعظم طیب اردگان نے غزہ میں محصور فلسطینیوں کے لئے امدادسامان خود لے جانے کا اعلان کردیا۔آج نیوز کے مطابق ترک وزیراعظم نے محصور فلسطینیوں کے لئے امدادی سامان خود لے جانے کا اعلان کردیا ہے۔وزیراعظم طیب اردگان اور بحری جہاز کی حفاظت کے لئے ترک بحریہ بھی ساتھ ہوگی۔