- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

اسرائیلی قید سے رہائی پانے والے صحافی پاکستان واپس پہنچ گئے

pakistani-journalistاسلام آباد (العربیہ) پاکستان کے ایک نجی ٹی وی چینل ” آج نیوز”کے دو صحافی اسرائیل کی غیر قانونی حراست سے رہائی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔

اسلام آباد اور لاہور کے ہوائی اڈوں پر عامل صحافیوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور عام شہریوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر “آج نیوز” طلعت حسین اور پروڈیوسر رضا آغا کا کا فقیدالمثال استقبال “قومی ہیروز” کے طور پر کیا گیا۔ استقبال کے لئے آنے والے لوگوں نے طلعت حسین کو کاندھوں پر اٹھا لیا اور گل پاشی کی۔ اسلام آباد ایئر پورٹ “طلعت تیرے جانثار بے شمار بے شمار” کے نعروں سے گونج اٹھا۔
تفصیلات کے مطابق قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کی فلائٹ پی کے دو سو بارہ کو اسلام آباد میں موسم کی خرابی کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر اتارا گیا تھا جس کے بعد پی آئی اے کا طیارہ لاہور سے اسلام آباد چار گھنٹے کی تاخیر پہنچا۔ لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کے دوران آج نیوز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر طلعت حسین کا کہنا ہے کہ منزل اسلام آباد تھی قسمت لاہور لے آئی، استقبال کے لئے آنے والوں کا مشکور ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلیوں نے ہمیں یرغمال بنایا اور ہم پر ہی غیر قانونی داخلے کا الزام لگایا۔ صبح سوا چار بجے اسرائیل نے فریڈم فلوٹیلا پر حملہ کیا۔ جس لمحے فائرنگ ہو رہی تھی، یہ سوچ تھی کہ شاید بچ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر جو گزری بین الاقوامی میڈیا نے اس کا بلیک آؤٹ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل عدم تحفظ کا شکار ریاست ہے۔ ایک سوال پر طلعت حسین نے کہا کہ جہازسے اسرائیلی کمانڈوز پر فائرنگ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
آج نیوزکے ایگزیکٹو ڈائریکٹرسید طلعت حسین اپنے پرڈیوسر رضا آغا اور خبیب فاونڈیشن پاکستان کے چیئرمین ندیم احمد خان ایڈووکیٹ کے ہمراہ محصورین غزہ کے لئے امدادی قافلے میں شامل ہونے کے لئے اکیس مئی کو پاکستان سے استنبول کے لیے روانہ ہوئے۔ تئیس مئی کو ترکی کا شہر اناطولیا ان کی اگلی منزل ٹہرا۔ بالاآخر اٹھائیس مئی کو وہ غزہ جانے والے فریڈم فلوٹیلا میں سوار ہوئے۔
دنیا پر اسرائیل کی جارحیت بے نقاب کرنے یہ قافلہ ابھی غزہ سے پینسٹھ کلومیٹر کھلے سمندر میں تھا کہ اسرائیل نے روایتی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس امدادی قافلے پر حملہ کر دیا اور قافلے میں شامل تمام افراد کو یرغمال بنا لیا۔عالمی سطح پر اسرائیل کے جارحانہ اقدام کی مذمت کی گئی۔ امدادی قافلے میں شامل حراست میں لئے گئے لوگوں کی رہائی کے مطالبے نے زور پکڑا تو اسرائیل کو انہیں رہا کرنا پڑا.