- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

لاہور: جناح اسپتال پر حملہ، پانچ ہلاک متعدد زخمی

lahore-new-attackلاہور(ایجنسیاں) لاہور کے جناح اسپتال میں گزشتہ رات مشتبہ عسکریت پسندوں نے حملہ کر کے تین پولیس اہلکاروں اور ایک خاتون کو شہید کر دیا۔ حملہ آور اسپتال میں زیر علاج ساتھی کو فرار کرانے میں ناکام رہے۔ آج صبح دوبارہ فائرنگ سے خوف وہراس پھیل گیاجبکہ وہاں سے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس وردیوں میں ملبوس چار نقاب پوش افراد ایمرجنسی کی پچھلی طرف سے اسپتال میں داخل ہوئے اور فرسٹ فلور پر آئی سی یو میں گئے، جہاں ماڈل ٹاوٴن سے گرفتار ہونے والا عسکریت پسند معاذ زیر علاج ہے۔ مشتبہ عسکریت پسندوں نے آئی سی یو کے باہر تعینات پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں اے ایس آئی اشتیاق سندھو سمیت تین پولیس اہلکار موقعے پر جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔
فائرنگ پر آئی سی یو کے اندر پیرا میڈیکل اسٹاف نے دروازے بند کر دیئے، جس کے باعث عسکریت پسند اندر نہیں گھس سکے، تاہم فائرنگ سے عملے کے تین افراد زخمی ہو گئے۔ اس کے بعد حملہ آوروں نے ایمرجنسی کا رخ کیا، جہاں فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق اور چھ افراد زخمی ہو گئے، جن میں چھ ماہ کی ایک بچی بھی شامل ہے۔ فائرنگ کا سلسلہ چند منٹ جاری رہا جس کے بعد دہشت گرد فرار ہو گئے اور ہنجروال میں دوبارہ ان کا پولیس سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا لیکن یہاں سے بھی وہ بچ نکلے۔
واقعے کے بعد وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے اسپتال کا دورہ کیا اور ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ اس سے پہلے آئی جی پنجاب نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو ملک پر مسلط نہیں ہونے دیا جائے گا۔ پولیس پہلے بھی قربانیاں دیتی رہی ہے اور آئندہ بھی شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
آئی جی کا کہنا تھا کہ واقعہ ناقص سیکورٹی کا نتیجہ نہیں، مناسب انتظامات کئے گئے تھے، اسی لئے دہشت گرد اپنے ساتھی کو فرار کرانے میں ناکام رہے۔پولیس نے ماڈل ٹاؤن میں احمدیوں کی عبادت گاہ پر حملوں میں ملوث گرفتار زخمی حملہ آور معاذ کو جناح اسپتال سے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا، زیر علاج زخمی دہشت گرد کو ویل چیئر پر سخت حفاظتی انتظامات کے تحت لے جایا گیا۔