- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

مقبوضہ کشمیر : 3 شہید‘ مظاہرہ‘ درجنوں زخمی‘ سونیا کے دورے کیخلاف مکمل ہڑتال

kashmirنئی دہلی (اے ایف پی) مقبوضہ کشمیر میں تین بے گناہ جوانوں کو فرضی مقابلے میں شہید کرنے پر ایک فوجی سمیت بھارتی فوج کے ایک میجر سمیت بعض سویلین کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے جن تین ’مسلح دراندازوں‘ کو جھڑپ کے دوران شہید کیا تھا۔ان تینوں لاشوں کو ضلعی افسران کی موجودگی میں قبروں سے واپس نکالا گیا جس کے بعد ان کے لواحقین نے ان کی شناخت کر لی۔
ریاض احمد، شہزاد احمد اور محمد شفیع نامی ان نوجوانوں کا تعلق بارہمولہ کے نادی ہل گاوں سے ہے۔ پولیس نے ان تینوں نوجوانوں کے قتل کے جرم میں بھارتی فوج کے ایک اہلکار عباس شاہ اور اس کے دو سویلین ساتھیوں بشارت لون اور عبدالحمید بٹ کو حراست میں لے لیا۔
مقبوضہ کشمیر میں تین بے گناہ کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا جبکہ مظاہرین کے خلاف پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسوگیس کا بھاری استعمال کیا اور مظاہرین اور پولیس کے مابین جھڑپوں میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔
بھارتی کانگریس کی صدر سونیاگاندھی کے دورے کیخلاف مقبوضہ کشمیر میں حریت کانفرنس کی اپیل پر مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیریوں نے سونیاگاندھی کی آمد کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اپنا کاروبار بند رکھا۔ سرکاری دفاتر بند ہونے کے ساتھ تعلیمی ادارے بھی بند رہے۔ ہڑتال کی اپیل حریت گیلانی گروپ کے رہنما سید علی گیلانی نے کی تھی۔