- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

قادیانی فتنے کی سازشوں میں اضافہ، دینی قوتیں نئی صف بندی کریں، مجلس تحفظ ختم نبوت

khatm-e-nubuwatکوئٹہ(جنگ نيوز) قادیانی فتنہ دن بدن اپنی سازشوں اور مکروہ عزائم میں اضافہ کر رہا ہے،دینی قوتوں کی نئی صف بندی اور دینی  سیاسی جماعتوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے، عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ پاکستان کا تحفظ ہے ،کفرنے مسلمانوں پریلغارکی ہے،حرمت رسول صلى الله عليه وسلم کے لئے ہرقسم کی قربانی دینے کوتیارہیں ۔

ان خیالات کا اظہار ملک کے ممتاز اور مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام ایک سیمینار میں کیا ۔ عقیدہ ختم نبوت اور امت کو درپیش چیلنجز کے عنوان سے سیمینار کی صدارت عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی ناظم اعلیٰ مولانا عزیز الرحمن جالندھری نے کی ۔انہوں نے قادیانیوں اور دیگر مذاہب کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ قادیانی فتنہ دن بدن اپنی سازشوں اور مکروہ عزائم میں اضافہ کر رہا ہے تمام مکاتب فکر کی دینی جماعتوں علماء کرام  خطبائے کرام دینی کارکنوں اور اصحاب دانش صورتحال سے بے خبر نہ رہیں بلکہ پوری طرح باخبر ہو کر موٴثر کردار ادا کرنے کیلئے تیاری کریں اور تمام مکاتب فکر اور مذہبی پارٹیوں مجلس تحفظ ختم نبوت کے پلیٹ فارم پر جمع ہو جائیں ۔
خطیب العصرمولانا سید عبدالمجید ندیم شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قادیانی لابی کا بہت سنجیدہ نیٹ ورک ہے جس کی وائٹ ہاؤس اور تل ابیب تک موٴثر رسائی ہے ۔انہوں نے وطن عزیز کے محب وطن طبقوں سے اپیل کی کہ وہ اس ملک دشمن گروہ کی شر انگیزیوں کے سدباب میں ہمارا ساتھ دیں ۔ انہوں نے اہانت آمیز خاکوں کو حرمت انسانیت کے خلاف اقدام قرار دیا اور کہا کہ اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔
سابق رکن قومی اسمبلی حافظ حسین احمد نے کہا کہ ایک منصوبہ کے تحت عالم کفر نے مسلمانوں پر یلغار کی ہے اور وہ مسلمانوں میں باہمی انتشار پیدا کر رہا ہے گستاخانہ خاکے اس کی ایک کڑی ہے۔
جمعیت علماء اسلام (فضل الرحمن گروپ) کے مولانا عبدالعزیز خان خلجی ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ختم نبوت دین کی اساس ہے اور پاکستان کی سالمیت کا ذمہ دار ہے جماعت اسلامی کے رہنما عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ مجلس تحفظ ختم نبوت تمام امت کی طرف سے فرض کفایہ ادا کررہی ہے ۔مولانا انوار الحق حقانی نے مسئلہ ختم نبوت کی اہمیت اور سیمینار کی غرض و اہمیت پر روشنی ڈالی۔