- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

پاکستان کیلئے جاسوسی کا الزام بھارت نے اپنی خاتون سفارتکار کو گرفتار کرلیا

india-flagنئی دہلی/اسلا م آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت نے پاکستان کے لیے جاسوسی کے الزام میں اپنی خاتون سفارت کار مادھوری گپتا کوگرفتارکرلیا،فرد جرم عائد کردی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کے پریس اینڈ انفارمیشن ونگ میں بطور سیکنڈ سیکرٹری تعینات مادھوری گپتا کو سارک کانفرنس میں شرکت کے بہانے نئی دہلی طلب کرکے حراست میں لے لیا گیا ہے بعدازاں انہیں نئی دہلی کی ایک مقامی عدالت میں پیش کیاگیا جہاں ان پر آفیشل سیکرٹ ایکٹ1923ءکے تحت الزامات عائد کیے گئے ۔جرم ثابت ہونے پر بھارتی قانون کے مطابق مادھوری گپتا کو10برس سزاہوسکتی ہے۔ مادھوری گپتا پر الزام ہے کہ وہ گزشتہ2برس سے پاکستان کیلئے جاسوسی کررہی تھیںاور انہوں نے حساس اداروں اور دیگر سرکاری اداروں کے خفیہ آپریشنز کے متعلق اہم راز پاکستان کے حوالے کیے ہیں جبکہ گرفتاری کے بعدبھی مادھوری گپتا سے 7اہم دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔ دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ عبدالباسط نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی خاتون سفارتکار کی گرفتاری کے معاملے کاجائزہ لیاجارہاہے جس کے بعدہی کوئی ردعمل ظاہر کیاجائے گا۔