- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

عراق: انتخابی پینل نے 52 امیدواروں کو نااہل قرار دے دیا

maleki-allawiبغداد (ایجنسیاں) عراق میں ایک عدالتی پینل نے 7 مارچ کے عام انتخابات میں حصہ لینے والے باون امیدواروں کو نااہل قرار دے دیا ہے جس کے بعد سیکولر سنی اور شیعہ جماعتوں پر مشتمل اتحاد کی برتری کم ہونے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔

سابق نائب وزیر اعظم احمد شیلابی کی قیادت میں انصاف اور احتساب کمیشن کے ترجمان علی محمود نے سوموار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ”ان امیدواروں کی انتخابات میں شرکت کالعدم قرار دے دی گئی ہے”۔
انہوں نے کہا کہ ”اپیل پینل نے انصاف اور احتساب کمیشن کی جانب سے نااہل قرار دیے گئے باون امیدواروں کی اپیلیں مسترد کر دی ہیں”۔ عراق کے آزاد الیکٹورل کمیشن کی ایک رکن حامدیہ الحسینی کا کہنا ہے کہ ”پینل کا فیصلہ حتمی نہیں اور متاثرہ امیدوار ایک ماہ کے اندراس کے خلاف اپیل دائر کر سکتے ہیں”۔
سابق صدر صدام حسین کی بعث پارٹی سے تعلق کے الزام میں نااہل قرار دیے گئے ایک امیدوار نے 7 مارچ کو منعقدہ عام انتخابات میں سابق وزیر اعظم ایاد علاوی کی قیادت میں سیکولر سنی اور شیعہ جماعتوں پر مشتمل العراقیہ اتحاد کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی تھی۔
ایاد علاوی کے اتحادیوں کا کہنا ہے کہ ان کے ایک کامیاب رکن کی نااہلی سے انتخابی نتائج پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ عراق کے انتخابی نظام کے تحت اگر کسی ایک امیدوار کو انتخابی پینل انتخابات کے لیے نااہل قرار دیتا ہے تو اس کی جماعت اس کی جگہ کوئی دوسرا امیدوار نامزد کر سکتی ہے۔
العراقیہ اتحاد کے ایک سنئیر رہ نما مصطفیٰ الحتی کا کہنا ہے کہ ”جائزہ پینل کا فیصلہ سیاسی محرکات پر مبنی ہے اور اس سے ملک میں تمام جمہوری عمل ہی کو نقصان پہنچ سکتا ہے”۔
عراق کے انتخابی حکام کا کہنا ہے کہ منگل کو پینل کی جانب سے زیادہ اہم فیصلے کا اعلان متوقع ہے اور کامیاب ہونے والے چھے سے نو امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اگر انتخابی نتائج میں کوئی تبدیلی رونما ہوتی ہے تو اس کا سب سے زیادہ فائدہ شیعہ وزیر اعظم نوری المالکی کی قیادت میں اسٹیٹ آف لا اتحاد کو ہو گا جس نے انتخابات میں نواسی نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ عراقیہ اتحاد کے امیدوار اکانوے نشستوں پر کامیاب ہوئے تھے۔