- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

میرانشاہ : ڈرون حملے میں 9 افراد شہید

wazir-attackمیرانشاہ +مینگورہ (نوائے وقت/ ایجنسیاں) شمالی وزیرستان کے علاقہ میر علی میں امریکی جاسوس طیارے کے میزائل حملے میں 9 افراد جبکہ سوات کے علاقہ خالے زکی میں عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز میں جھڑپ کے دوران فضل اللہ کے 3 ساتھی طالبان کمانڈر جاں بحق اور ایک اہلکار زخمی ہو گیا ۔

نجی ٹی وی نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پیر کو میران شاہ کے علاقے میرعلی کے گاوں خوشالی کلے میں امریکی جاسوس طیاروں نے ایک مکان پر تین میزائل داغے جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے تاہم ہلاک یا زخمی ہونے والوں کے بارے میں پتہ نہیں چل سکا کہ وہ عسکریت پسند ہیں یا عام شہری۔ حملے کے بعد میر علی میں چار امریکی جاسوس طیاروں نے پروازیں جاری رکھیں ،خوف و ہراس پھیل گیا۔ جبکہ سکیورٹی حکام کے مطابق جاں بحق ہونیوالوں میں اہم کمانڈر حلیم خان کے کمپاﺅنڈ کہ نشانہ بنایاگیا، 9عسکریت پسند جاں بحق ہوئے ان کا تعلق حافظ گل بہادر گروپ سے ہے ، ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونیوالوں کی اکثریت محسود قبائل سے تعلق رکھتی ہے۔
48 گھنٹے میں یہ دوسرا ڈرون حملہ ہے دوسری طرف اتوار کو 4 ساتھیوں سمیت اغوا ہونیوالے حکومت کے حامی قبائلی سردار مولانا عبدالحلیم کی باجوڑ سے نعش مل گئی ان کے گلے میں رسی لپٹی تھی مقامی انتظامیہ کے مطابق انہیں تشدد کرکے مارا گیا۔ سوات میں جاں بحق ہونیوالے کمانڈروں کےنام احسان،مصطفیٰ اور حسین کانجو ہیں علاوہ ازیں خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ میں سیکورٹی فورسز نے کارروائی کرکے عسکریت پسند کمانڈ ر کا مکان تباہ کردیا۔ مہمندایجنسی میں فورسز کی فائرنگ سے باراتی جاں بحق ہونے پر لوگوں نے مظاہرہ کیا.
دریں اثنا پاکستان میں 2010ء کے پہلے چار ماہ 41 ڈرون حملوں میں 272 شہری جاں بحق ہو گئے جبکہ 2009ءمیں 44 ڈرون حملوں سے 700 بے گناہ شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ جنوری 2009ء سے اب تک 85 ڈرونز حملے کئے گئے۔ سی آئی اے کے مطابق 15 ماہ میں 70 ڈرونز حملوں میں 400 عسکریت پسند جاں بحق ہوئے جب کہ آزاد ذرائع کے مطابق ان حملوں میں 181 بے گناہ شہری اور 690 سے زیادہ عسکریت پسند جاں بحق ہوئے امریکی اخبارات‘ واشنگٹن پوسٹ‘ نیو یارک ٹائمز اور امریکی ویب سائٹ اینٹی وار کے مطابق اوباما انتظامیہ نے ڈرونز حملوں کی شدت میں تیزی 2010ء میں بھی قائم رکھی۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق سی آئی اے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں عسکریت پسندوں کو نشانہ بنانے کیلئے نئے و جدید اور چھوٹے میزائل استعمال کر رہی ہے۔ یہ نشانے پر 100 فیصد لگتے ہیں۔ گزشتہ ماہ سی آئی اے نے میرانشاہ میں صرف 35 پونڈ کا میزائل استعمال کیا جس نے دو منزلہ چھت کے ٹکڑے ٹکڑے کر دئیے سی آئی اے پری ڈیٹر سے 100 پونڈ کے ہل فائر میزائل استعمال کر رہی ہے۔