- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

عراق میں دھماکے، کم از کم پچاس ہلاک

new-blast-baghdadبغداد (بي بي سي اردو) عراق میں حکام کا کہنا ہے کہ دارالحکومت بغداد اورصوبہ انبار میں ہونے والے بم دھماکوں میں کم از کم پچاس افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق بغداد میں ہونے والے دھماکوں کا نشانہ شیعہ اکثریتی علاقہ صدر سٹی اور جنوبی بغداد کا ایک بازار بنا۔
پولیس ذرائع نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ صدر سٹی میں ہونے والے دھماکہ ایک مسجد کے نزدیک ہوا اور اس میں پچیس افراد ہلاک اور پینتالیس زخمی ہوئے ہیں۔
جنوبی بغداد میں ہونے والے دھماکے میں مارے جانے والے افراد کی تعداد کے بارے میں متضاد اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ہلاک ہونے والے تمام افراد نمازِ جمعہ کے لیے جا رہے تھے۔
اس سے قبل جمعہ کی صبح صوبہ انبار میں رمادی سے پچیس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع قصبے خالدیہ میں چھ بم دھماکے ہوئے تھے جن میں سات افراد مارے گئے تھے۔
مقامی حکام کے مطابق یہ گھریلو ساختہ بم تھے اور ایک رہائشی علاقے میں نصب کیے تھے۔ ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ ان بموں کا نشانہ ایک جج اور ایک پولیس افسر کےگھر تھے اور یہ بم دونوں گھروں کے درمیان لگائے گئے تھے۔
یہ واضح نہیں کہ ان دھماکوں میں جج یا پولیس افسر ہلاک ہوئے ہیں یا نہیں تاہم ہلاک شدگان میں ان دونوں کے رشتہ دار شامل ہیں۔