- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

ہنگو‘ جنوبی وزیرستان : فوجی قافلے اور چوکی پر حملہ‘ جھڑپ

mengora_blastہنگو + لنڈی کوتل (ایجنسیاں) ہنگو میں فوجی قافلے پر بم حملے میں چار سکیورٹی اہلکار اور ایک شہری جاںبحق اور 16زخمی ہو گئے‘ جنوبی وزیرستان میں جھڑپ اور چیک پوسٹ پر حملے میں 4 اہلکار اور 4 جنگجو جاںبحق اور تین زخمی ہو گئے‘ لنڈی کوتل میں شدت پسندوں نے سکیورٹی فورسز کی چھاونی پر راکٹوں سے حملہ کر دیا‘ گولے سول آبادی پر گرنے سے خاتون جاںبحق اور تین افراد زخمی ہو گئے۔ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی جانب سے وادی تیراہ کے علاقے سراویلہ میں بمباری سے جاںبحق ہونے والے بے گناہ افراد کے لواحقین میں 2 کروڑ روپے امداد تقسیم کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ہنگو میں سکیورٹی فورسز کے قافلے کو منگل کی شام 5 بجے کے قریب اس وقت ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا جب وہ ٹل سے کرم ایجنسی کے علاقے علیزئی جا رہا تھا‘ 2گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ بم سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا۔ دوسری جانب جنوبی وزیرستان کے علاقے بدرسر میں شدت پسندوں نے فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجہ میں 4 اہلکار جاںبحق اور 3 زخمی ہو گئے۔ تحصیل سراروغہ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 4 شدت پسند مارے گئے جبکہ 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔ ادھر لنڈی کوتل بازار اور سکیورٹی فورسز چھاﺅنی کے سامنے واقع طورو پہاڑ سے راکٹ گولوں کی بارش کر دی گئی جس کے نتیجے میں ایک گولہ گورنمنٹ ہائی سکول لنڈی کوتل کے پرنسپل خان اکبر آفریدی کے کوارٹر پر گرنے سے اس کی بہو زوجہ شمس اکبر جاں بحق جبکہ شمس اکبر کی بیٹی ثنائ، بیٹا امتیاز اور خاصہ دار فورس کا اہلکار گل الرحمان ولد عبدالرحمان زخمی ہو گئے۔
سکیورٹی فورسز نے بھاری ہتھیاروں اور توپ خانے سے جوابی کارروائی کی جو ایک گھنٹہ تک مسلسل جاری رہی‘ سکیورٹی فورسز نے طورخم سرحد پر افغانستان جانے والے تین افراد کو پاکستانی اور یورو کرنسی کے ساتھ گرفتار کر لیا۔
مینگورہ کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذکر دیا گیا ہے اور اسی دوران سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ سرچ آپریشن کے دوران پانچ سو سے زائد مشتبہ افراد گرفتار کر لئے گئے۔ دیر میں دو مسلح گروہوں میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔ دریں اثناءمینگورہ کے نواحی علاقے تختہ بند روڈ پر 2 پولیس موبائلوں میں تصادم ہو گیا جس کے نتیجے میں 15 پولیس اہل کار زخمی ہو گئے۔ پاک فوج کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی ہدایت پر منگل کے روز آئی سی آر سی ہسپتال یونیورسٹی ٹاﺅن پشاور کا دورہ کیا اور سراویلہ کے زخمیوں کی عیادت کر کے ان میں امدادی رقوم کے چیک اور ریلیف کا سامان تقسیم کیا۔ ہر زخمی کو ایک لاکھ جبکہ جاںبحق افراد کے ورثا کو دو‘ دو لاکھ روپے دیئے گئے۔ بنوں کے دو اغوا کانسٹیبل عزیز اللہ اور عنایت اللہ دو ماہ تک اغوا کاروں کی تحویل میں رہنے کے بعد جنوبی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن کے دوران بازیاب کر لیا گیا۔ مینگورہ میں تلاشی آپریشن کے دورن سکیورٹی فورسز نے جے یو آئی کے سابق ممبر صوبائی اسمبلی مولانا عرفان اللہ کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔