- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

سوڈان: حکمران جماعت کے 9 ارکان جنوبی سوڈان میں قتل

south-sudanجوبا (ایجنسیاں) سوڈان کی حکمران جماعت کا کہنا ہے کہ 24 برسوں میں ملک کے پہلے کثیر الجماعتی انتخابات کے موقع پر ملک کے جنوبی علاقے میں نیشنل کانگریس پارٹی کے 9 ارکان قتل کر دیئے گئے ہیں۔

جنوبی سوڈان میں این سی پی کے صدر ایگنس لوکوڈو کا کہنا ہے کہ تین دن پہلے جنوبی فوج کے چند سپاہی رات کے وقت راجا کے علاقے میں ہماری تنظیم کے صدر کے گھر آئے۔ ان فوجیوں نے این سی پی کے صدر اور تنظیم کے 8 دوسرے افراد کو قتل کر دیا۔
راجا کا علاقہ جنوبی سوڈان کی بحر الغزل ریاست میں واقع ہے۔ لوکوڈو کا کہنا تھا کہ ہلاکتیں سیاسی انتقام ہیں کیونکہ راجا کے علاقے میں عوام کی بڑی اکثریت نے نیشنل کانگریس پارٹی کو ووٹ دیا تھا۔
سوڈان کی سابقہ باغی تنظیم سوڈان پیپلز لبریشن موومنٹ کا کہنا ہے کہ جنوبی سوڈان میں این سی پی کے ارکان کے قتل میں تنظیم کا کوئی ہاتھ نہیں۔ یاد رہے کہ جنوبی سوڈان کا بیشتر علاقہ ایس پی ایل ایم کے کنٹرول میں ہے۔
سوڈان میں تقریبا 25 سال بعد ہونے والے پہلے کثیر الجماعتی انتخابات میں تشدد کی کوئی بڑی کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی۔ جنوبی سوڈان میں حکومت مخالف جماعتوں کی بڑی تعداد نے انتخابات کا بائیکاٹ کر رکھا ہے، جس کی وجہ سے موجودہ صدر عمر البشیر کی کامیابی کے امکان بڑھ گئے ہیں۔
اس بات کا قوی امکان ہے کہ جنوبی سوڈان کے صدر اور ایس پی ایل اہم کے صدر سلوا کیئر نیم خود مختار جنوبی خطے کے صدر منتخب ہو جائیں گے۔ سوڈان میں صدارتی، پارلیمانی اور ریاستی حکومتوں کے انتخابات کا آج آخری دن ہے.