- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

قومی اتحادکی ضمانت امتیازی سلوک کے خاتمے اورعدم گستاخی میں ہے، حضرت شیخ الاسلام

molana28زاہدان(سنی آن لائن) نئے ہجری شمسی سال کے آغازکے موقع پر ایرانی بلوچستان کے دارالحکومت زاہدان میں ایک بڑے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے کہا حکومت کے استحکام اور بقا کا راز قومی ومذہبی اقلیتیوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے امتیازی سلوک اور ان کی مذہبی مقدسات کی آئے روز کی جانے والی گستاخیوں کے خاتمے میں ہے۔

ایرانی اہل سنت کے روحانی پیشوا نے کہا اہل سنت اور شیعہ برادری کے درمیان فقہی وشرعی مسائل میں بعض اختلافات ہیں لیکن مشترکہ اور اتفاقی امور اس سے کہیں زیادہ ہیں۔ اس قبیل کے اختلافات فرقہ واریت کی بنیاد نہیں بنتے لیکن مذہبی گستاخی اور ایک دوسرے کی مقدسات کی توہین نیز عہدوں اور مناصب کی ظالمانہ تقسیم سے فرقہ واریت کو ہوا ملتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا صحابہ کرام اور ازواج مطہرات رضی اللہ عنہم اہل سنت والجماعت برادری کی مقدسات ہیں۔ کسی کو یہ حق نہیں پہچتا کہ ان کے بارے میں زبان درازی کرے۔
مولانا عبدالحمید نے ملک کے اعلیٰ ترین عہدے پر فائز شخص کو قوم کے والد کی مانند قرار دیا۔ انہوں نے کہا اگر والد اولاد کے ساتھ انصاف نہ کرے اور بعض کو دوسروں پر ترجیح دے تو تباہی کے سوا اس کا کوئی نتیجہ نہیں ہے۔حکام سے ہمارا پرزور مطالبہ ہے کہ تنگ نظر وانتہاپسند عناصر کو اپنے ارد گرد سے دور رکھیں جو کسی صورت میں سنی برادری کی مذہبی آزادی اور عدل وانصاف کی فراہمی کو برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ شدت پسند افراد کا اثر ورسوخ شیعہ کے مفاد میں ہے نہ سنی کے۔ ہر مذہب وحکومت کے زوال کی ایک بڑی وجہ انتہاپسندی ہے۔ فراخدلی، وسیع النظری اور اعتدال سے استحکام وبقا آتی ہے۔