- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

برطانیہ: صومالی ڈرائیور کی دوران سفر بس میں نماز،مسافر خوفزدہ

bus-londonدبئی (العربیہ) لندن کے محکمہ ٹرانسپورٹ اور برطانیہ کی مسلم کمیونٹی کو ایک صومالی ڈرائیور کے دوران سفر نماز ادا کرنے کی وجہ سے بس کے مسافروں سے معافی مانگنا پڑ گئی ہے.

اخباری اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ شمالی لندن میں چلنے والی بس نمبر 24 میں پیش آیا ہے جس کے صومالی نژاد ڈرائیور نے اچانک بس روک کر نماز ادا کرنا شروع کر دی تھی اور اس کے اس عمل کی وجہ سے خوفزدہ برطانوی مسافر سہم کر رہ گئے تھے.
ڈرائیور نے بس کو روکنے کے لئے مسافروں کو خبردار بھی نہیں کیا تھا. ڈرائیور نے بس میں اپنے جوتے اور جیکٹ اتاری اور عربی زبان میں نماز پڑھنا شروع کر دی تھی جس کے بعد اس میں سوار مسافر یہ سمجھے کہ وہ دہشت گردی کے کسی حملے کی تیاری کر رہا ہے.
ڈیلی میل کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق ڈرائیور کی پانچ منٹ کی نماز کے دوران مسافر بس ہی میں بند رہے تھے اور وہ یہ سوچ رہے تھے کہ بس کسی بھی لمحے دھماکے سے اڑا دی جائے گی.مسافروں نے اس واقعہ کی بعد میں لندن ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ہاں شکایت درج کرائی تھی.
لندن کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے مسافروں کو تاخیر ہونے پر معذرت کی ہے اور کہا ہے کہ بس کمپنی لندن جنرل نے ڈرائیور کو خبردار کیا ہے کہ وہ مستقبل میں اپنے اس عمل کو نہ دہرائے.محکمے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ دوسرے مذاہب کا احترام کرتا ہے لیکن ساتھ ہی اس نے زور دے کر کہا ہے کہ ڈرائیوروں کو ڈیوٹی کے دوران نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں ہے.