- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

سری لنکا:اعلیٰ فوجی افسران برطرف

srilanka-armyکولمبو (بی بی سی) تمل باغیوں کے خلاف کامیاب مہم کے بعد صدر اور فوج کے سربراہ میں اختلافات پیدا ہو گئے تھے.
سری لنکا میں کچھ اعلیٰ فوجی افسران کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے برطرف کر دیا گیا ہے۔ وزارت دفاع کے مطابق مذکورہ افسران جبری ریٹائرمنٹ پر بھیجے گئے ہیں۔

سری لنکا میں یہ اقدام انتہائی کشیدہ انتخاب کے بعد اٹھا گیا ہے جس میں موجودہ صدر مہندا راجپکشے اور فوج کے سابق سربراہ جنرل سارتھ فونسیکا آمنے سامنے تھے۔دونوں اپنے اپنے خلاف قتل کے منصوبوں کی بات کر چکے ہیں۔
بی بی سی کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق برطرف ہونے والوں میں کم سے کم نو اعلیٰ افسران شامل ہیں۔ فوجی ذرائع کے مطابق ان میں سے تین میجر جنرل اور چار بریگیڈیئر شامل ہیں۔
یاد رہے کہ جنرل فونسیکا کی انتخابی مہم میں کئی فوجی افسران نے حصہ لیا تھا۔
سری لنکا میں قومی سلامتی کے منتظم اعلٰی لکشمن ہلوگالے نے کہا کہ یہ افسران سیاست میں حصہ لے رہے تھے اور انہیں فوج کا ڈسپلن قائم رکھنے اور مسلح افواج کی غیر جانبداری برقرار رکھنے کے لیے ہٹایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان افسران کا سیاسی مہم میں شامل ہونا صدر راجپکشے کے بیٹے کے معاملے جیسا نہیں جو بحریہ میں افسر ہیں اور اپنے والدکی مہم میں شامل تھے۔
جنرل فونسیکا نے دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے انتخابی نتائج کو مسترد کر دیا ہے۔ کولمبو میں بی بی سی کے نامے نگار چارلس ہیوی لینڈ نے بتایا کہ سری لنکا میں انتخاب کے بعد سے ماحول کشیدہ ہے۔